نیشنل کانفرنس کی جانب سے 32 امیدوارں کی دوسری فہرست جاری ، دو نشستوں کیلئے نامزدگی زیر التواء
سری نگر۔ تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ این سی کی طرف سے منگل کو جاری کردہ امیدواروں کی فہرست کے مطابق گاندربل حلقہ سے جموں و کشمیر اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے۔ این سی نے اسمبلی انتخابات کے بقیہ مراحل کے لیے 32 امیدواروں کی اپنی دوسری فہرست جاری کی۔ پارٹی نے 18 امیدواروں کے نام جاری کیے جو پولنگ کے پہلے مرحلے میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ عمر عبداللہ این سی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں اور انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ گاندربل حلقہ سے لڑیں گے۔سینئر این سی لیڈر اور لوک سبھا ممبر میاں الطاف احمد کے بیٹے میاں مہر علی گاندربل ضلع کے کنگن حلقہ سے الیکشن لڑیں گے۔گاندربل ضلع میں دو اسمبلی حلقے ہیں گاندربل اور کنگن۔ عمر عبداللہ کے دادا اور این سی کے بانی شیخ محمد عبداللہ نے 1975 میں گاندربل سے الیکشن لڑا جب وہ مرکزی دھارے کی سیاست میں واپس آئے۔اس اسمبلی حلقے کی عمرکے والد ڈاکٹر فاروق عبداللہ بھی تین بارنمائندگی کر چکے ہیں۔ عمر عبداللہ نے ایک بار یہ سیٹ جیتی تھی اور 2002 کے انتخابات میں پی ڈی پی کے قاضی محمد افضل سے ہارگئے تھے۔ میاں مہر علی پہلی بارکنگن کی نشست سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ کنگن میاں خاندان کا روایتی گڑھ رہا ہے۔ اس حلقے سے مہرکے دادا میاں بشیر احمد اور بعد میں ان کے والد میاں الطاف احمد نے کامیابی حاصل کی۔ این سی نے زادیبل سے تنویر صادق، حضرت بل سے سری نگر میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر سلمان ساگر، خانیار سے ان کے والد اور سینئر این سی لیڈر علی محمد ساگر، حبہ کدل سے شمیمہ فردوس، چنا پورہ سے مشتاق گورو، لال چوک سے احسن پردیسی اور مبارک کو میدان میں اتارا ہے۔ حلقہ عیدگاہ سے گل میدان میں ہیں۔ منگل کی امیدواروں کی فہرست کے ساتھ این سی نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں 50 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ دو مزید نشستوں کے لیے نامزدگی زیر التواء ہے۔اس سے پہلے کی فہرست میں ہندواڑہ کے لیے سابق وزیر اور ایم ایل اے چودھری محمد رمضان، سوپور کے لیے ارشاد رسول کار، رفیع آباد کے لیے جاوید احمد ڈار، اوڑی سیٹ کے لیے ڈاکٹر سجاد شفیع اْڑی، بارہمولہ کے لیے جاوید حسین بیگ، ٹنگمرگ کے سابق بیوروکریٹ فاروق احمد شاہ، سابق پولیس افسر شامل ہیں۔ پٹن سے جاوید ریاض بیدار، سوناواری سے ہلال اکبر لون، سابق ایم ایل اے، گریز (ایس ٹی) سے نذیر احمد گوریزی اور جموں شمالی سے سابق ایم ایل اے اجے کمار سدھوترہ شامل ہیں۔این سی نے پامپور، پلوامہ، راج پورہ، زین پورہ، شوپیاں، ڈی ایچ پورہ، دیوسر، لارنو، اننت ناگ ویسٹ اور بجبہاڑہ کے امیدواروں کا بھی اعلان کیا۔