سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں زیر تعلیم کشمیر کے تمام طلباء کی حفاظت کو یقینی بنائیں جب تک کہ وہ بحفاظت گھر واپس نہ آجائیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے والوں کو ایک سخت پیغام بھیج دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار منگل کو ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے ہندوستان بھر میں کشمیری طلباء کی پریشان کن کالیں موصول ہو رہی ہیں جو موجودہ صورتحال کی وجہ سے خوف و ہراس محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ اداروں نے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں اور طلباء کو معمول کے بحال ہونے تک گھر واپس جانے کا مشورہ دیا ہے جبکہ باقی اداروں نے ایسا کوئی اقدام نہیں کیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام طلباء کی حفاظت کو یقینی بنائیں جب تک کہ وہ بحفاظت گھر واپس نہ آجائیں۔