شہدا میں سب انسپکٹر قاضی صغیراحمد بھی شامل ، دو جنگجو ہلاک
سری نگر، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ژنجمولہ ہندواڑہ میں ہفتہ کی شام کو شروع ہواجنگجو مخالف آپریشن دو فوجی افسروں اور جموں وکشمیر پولیس کے ایک سب انسپکٹر سمیت پانچ فوجیوں اور دو جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے ۔ شہید فوجیوں میں 21 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کمانڈنگ آفیسر (کرنل) آشوتوش شرما، میجر انوج سود، نائیک راجیش کمار، لانس نائیک دنیش سنگھ اور جموں وکشمیر پولیس کے سب انسپکٹر قاضی صغیر احمد شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران ایک فوجی اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ہندواڑہ میں جنگجو مخالف آپریشن کو سیکورٹی فورسز کے لئے ایک نقصان دہ آپریشن قرار دیا جارہا ہے کیونکہ گذشتہ پانچ برس کے دوران جتنے بھی آپریشنز ہوئے تھے اُن میں کرنل رینک کے کسی فوجی افسر کی موت نہیں ہوئی تھی۔کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے مطابق ہندواڑہ میں مارے گئے دو میں سے ایک جنگجو کی شناخت پاکستان کے رہنے والے لشکر طیبہ کمانڈر حیدر کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ایک اطلاع پر سکیورٹی عہدیدار اس مکان میں داخل ہوگئے جس میں جنگجو چھپے بیٹھے تھے ۔ تاہم یہ سبھی اہلکار مکان میں ہی پھنس کر رہ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مکان میں پھنسنے والے اہلکاروں کو بچانے اور وہاں موجود جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز کو کام پر لگا دیا گیا تھا۔ تاہم خراب موسم کی وجہ سے پیرا کمانڈوز اہلکار مکان کے قریب نہیں جاسکے اور اتوار کی صبح وہاں پانچ سیکورٹی اہلکاروں اور دو جنگجوؤں کو مردہ پایا گیا۔ جنگجوؤں نے جنہیں یرغمال بنالیا تھا ان کو بچانے کے لئے پانچ فوجی اور ایک پولیس اہلکار پر مشتمل ایک ٹیم ٹارگٹ ایریا میں داخل ہوئی اور یرغمالیوں کو بچانے میں کامیابی حاصل کی۔ دفاعی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس بیچ سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی ٹیم جنگجوؤں کی طرف سے کی جانے والی شدید فائرنگ کی زد میں آگئی اور دونوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا جس میں دو جنگجو مارے گئے لیکن دو فوجی افسر اور جموں وکشمیر پولیس کے ایک سب انسپکٹر سمیت پانچ اہلکار شہید ہوگئے ۔
ہندواڑہ شہیدوں کو
وزیراعظم مودی کا خراج
نئی دہلی،3مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کے ہندواڑہ میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں جان گنوانے والے جانباز فوجیوں اور سلامتی دستوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک ان کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ مودی نے شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں شہید جانبازوں کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ اور دیگر قائدین نے بھی شہید فوجی جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔مختلف جماعتوں کے قائدین نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی اور شہیدوں کو خراج پیش کیا۔