کشمیر میں سرگرم جنگجو ہتھیاروں کی قلت سے دوچار: فوجی ذرائع

   

جموں12جون (سیاست ڈاٹ کام ) فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر میں سرگرم جنگجو ہتھیاروں کی قلت کے بحران سے دوچار ہیں اور حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجوؤں کو خالی ہاتھوں لڑنا پڑتا ہے ۔فوجی ذرائع نے یہاں ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں حالیہ تصادم آرائیوں جن میں 14 جنگجو مارے گئے ، سے یہ بات منکشف ہوئی کہ حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجوؤں کو خالی ہاتھوں لڑنا پڑتا ہے کیونکہ ان کے پاس اسلحہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کی تصدیق اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کیرن سیکٹر میں ایک فوجی آپریشن کے دوران کافی مقدار میں اسلحہ و گولہ باردو برآمد کیا گیا جس کو جنگجوؤں میں تقسیم کیا جانا تھا۔