کشمیر پر رجب طیب اردغان کے تبصرے مسترد

   

ترک صدر،داخلی معاملات میں مداخلت نہ کریں: وزارت خارجہ
نئی دہلی۔ 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کشمیر پر ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کے تبصروں کی مذمت کی اور ان سے کہا کہ ہندوستان کے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ وزارت ِ اُمورِ خارجہ کے ترجمان راویش کمار نے کہا کہ ہندوستان، جموں و کشمیر پر ترکی کے صدر کی طرف سے کئے گئے تمام تبصروں مسترد کرتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ علاقہ ہندوستان کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔ اردغان نے جمعہ کو پاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کشمیری عوام کی جدوجہد کو پہلی عالمی جنگ کے دوران بیرونی غلبہ اور تسلط کے خلاف ترک عوام کی لڑائی سے تقابل کیا تھا۔ وزارت ِ اُمورِ خارجہ کے ترجمان راویش کمار نے کہا کہ ’ہندوستان جموں و کشمیر کے بارے میں دیئے گئے تمام حوالوں کو مسترد کرتا ہے۔ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ ترکی کی قیادت پر ہم زور دیتے ہیں کہ وہ ہندوستان کے داخلی اُمور میں مداخلت نہ کرے اور حقائق کو مناسب انداز میں سمجھنے کی کوشش کی جائے اور ان حقائق کو بھی سمجھنے کی کوشش کی جائے کہ پاکستان سے پھیلنے والی دہشت گردی سے ہندوستان اور اس علاقہ کو سنگین خطرہ لاحق ہے‘۔