سری نگر :میں منڈلا آرٹ کی وساطت سے اپنی خوبصورت وادی کشمیر کو دنیا کے اطراف و اکناف میں مشہور کرنا چاہتی ہوں۔میں نے یہاں کی مشہور روایتی چیزوں جیسے کانگڑی، سماوار، چرخے کو منڈلا آرٹ میں تراشا ہے تاکہ ہماری شاندار روایت دنیا بھر میں پہنچ جائے ۔یہ باتیں جنوبی کشمیر کے پنگلش ترال سے تعلق رکھنے والی منڈلا آرٹسٹ ماہرہ شاہ، جن کا بیاہ سلر پہلگام میں ہوا ہے ، کی ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر منڈلا آرٹ میں دنیا کا سب سے چھوٹا شکارا بنا کر انڈین بک آف ریکارڈز میں اپنا نام شامل کیا ہے ۔انہوں نے یو این آئی کے ساتھ گفتگو میں کہا: ‘میں بچپن سے ہی اسکول میں ڈرائینگ اور پینٹنگ مقابلوں میں حصہ لیتی تھی اور وقت گذرنے کے ساتھ اس فن کے ساتھ میری دلچسپی بھی بڑھتی گئی’۔’منڈلا آرٹ کے ساتھ میری خاص طور پر دلچسپی بڑھتی گئی اور میں نے اسی فن کو سنوارنے میں اپنا وقت صرف کرنا شروع کیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘میں نے ایک دن میں منڈلا آرٹ میں دنیا کا سب سے چھوٹا شکارا بنایا جس پر میں نے انڈین بک آف ریکارڈز میں جگہ حاصل کی’۔ماہرہ، جو ایک بچے کی والدہ بھی ہیں، نے کہا کہ میں منڈلا آرٹ کی وساطت سے اپنے کشمیر کو دنیا بھر میں مشہور کرنا چاہتی ہوں۔انہوں نے کہا: ‘میں نے منڈلا آرٹ میں کانگڑی، چرخہ، سماوار جیسی روایتی چیزوں کو بھی تراشا ہے تاکہ ہماری یہ شاندار روایت دنیا بھر میں پہنچ جائے ‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں بھی ورلڈ ریکارڈ بنا ہے لیکن فی الوقت کنفرمیشن نہیں ملی ہے ۔