کشیدگی کم کرنے کیلئے بی جے پی اور کانگریس امیدوارو ں کو ریسٹ ہاؤز میں رکھا گیا

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کی وجے پور اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے، ضلعی انتظامیہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے امیدواروں کو الگ الگ ریسٹ ہاؤسز میں زیر نگرانی رکھا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی پرتشدد سرگرمیوں کو روکا جا سکے اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ شیوپور ضلع کی وجے پور اسمبلی سیٹ اور سیہور ضلع کی بدھنی سیٹ پر ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ آسانی سے جاری ہے۔شیوپور ڈسٹرکٹ کلکٹر کشور کنیال نے کہا کہ کانگریس کے امیدوار مکیش ملہوترا کو ویرپور فاریسٹ ریسٹ ہاؤس میں رکھا گیا ہے، جب کہ ان کے بی جے پی حریف رام نواس راوت کو وجے پور کے اسی طرح کے ریسٹ ہاؤس میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کارروائی صرف احتیاطی اقدام کے طور پر کی گئی ہے کیونکہ کارکنوں (دونوں فریقوں کے) کے درمیان تناؤ نظر آ رہا تھا۔