کشتیوں کے ذریعہ کئی افراد کی محفوظ مقامات کو منتقلی
حیدرآباد: حیدرآباد میں بارش کی سنگین صورتحال کے پیش نظر پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی کے ہمراہ علاقہ چندرائن گٹہ ، فلک نما و دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران پولیس نے 15 افراد کو کمشنر کی راست نگرانی میں نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات کو منتقل کیا ہے جبکہ ایک معمر خاتون جو ذیابیطس کی مریض بتائی جاتی ہے ، کو بھی دواخانہ منتقل کیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور جی ایچ ایم سی کی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) کی مدد سے پولیس نے کشتیوں کے ذریعہ عوام کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا ہے اور قریب کے شادی خانوں میں منتقل کیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ عوام کو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حالات قابو میں ہے اور وہ اطمینان سے رہ سکتے ہیں۔