کے سی آر کٹ اور کلیان لکشمی کی تفصیلات میں تضاد، کم عمر لڑکیوں کو رقم کی منظوری
حیدرآباد ۔2 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں پیش کردہ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) رپورٹ میں کلیان لکشمی اسکیم میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سی اے جی نے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے سلسلہ میں پیش کردہ دستاویزات میں غلط اندراجات کا انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کئی استفادہ کنندگان نے کے سی آر کٹ حاصل کیا اور ڈیلیوری کے بعد کلیان لکشمی اسکیم کی رقم حاصل کی۔ کے سی آر کٹ کے حصول کے موقع پر شوہر کا نام درج کیا جاتا ہے ۔ سی اے جی رپورٹ کے مطابق 7314 کیسس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ کلیان لکشمی اسکیم کی درخواست میں جو تفصیلات درج کی گئیں وہ مختلف ہیں۔ کلیان لکشمی اور کے سی آر کٹ دونوں اسکیمات سے استفادہ حاصل کرنے والے خاندانوں میں بیشتر کم عمر لڑکیاں پائی گئیں۔ سی اے جی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 7314 کیسس میں اسکیم کے تحت 72.91 کروڑ کی ادائیگی درست نہیں ہے۔ کے سی آر کٹ اور کلیان لکشمی اسکیمات میں داخل کی گئی تفصیلات کے تقابلی جائزہ کا عہدیداروں کو اختیار نہیں جس کے نتیجہ میں اسکیم میں کئی بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ چار ایسے امیدواروں کو 2.04 لاکھ روپئے ادا کئے گئے جن کی شادی کی تاریخ رقم کی منظوری کی تاریخ سے قبل کی ہے۔ قواعد کے مطابق شادی کے وقت لڑکی کی عمر 18 سال ہونی چاہئے لیکن دو ایسے معاملات منظر عام پر آئے جن میں 18 سال سے کم عمر امیدواروں کو رقم منظور کی گئی۔1
انٹر نتائج کی 12 اپریل تک اجرائی کا امکان
حیدرآباد ۔2 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن 12 اپریل تک انٹرمیڈیٹ نتائج کی اجرائی کی تیار کر رہا ہے۔ بورڈ کے ذرائع کے مطابق پرچہ جات کی جانچ کا کام اختتامی مرحلہ پر ہے اور توقع ہے کہ 12 اپریل تک نتائج تیار ہوجائیں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں نتائج کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ انٹر کے 56 لاکھ جوابی پرچوں کی جانچ کے لئے 20 مراکز قائم کئے گئے ۔ توقع ہے کہ آئندہ دو دن میں پرچوں کی جانچ کا کام مکمل ہوجائے گا۔ 25 فروری تا 18 مارچ منعقدہ امتحانات میں جملہ 997075 امیدواروں نے رجسٹر کیا تھا۔ فرسٹ ایئر کے امیدواروں کی تعداد 489126 ہے جبکہ سکنڈ ایئر کے امیدوار 507949 درج کئے گئے ۔1