انجمن ترقی اردو ہند گلبرگہ کی نمائندگی پر رکن اسمبلی کنیز فاطمہ کی کامیاب مساعی
گلبرگہ: 16/فروری: ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن ترقی اردو ہند شاخ ، گلبرگہ کی اطلاع کے بموجب کلیان کرناٹک ریجنل ڈیولپمنٹ بورڈ کے زیر اہتمام 24، 25، 26 فروری 2023 کو عظیم الشان پیمانے پر منعقد شدنی کلیان کرناٹک اتسو تقاریب میں کل ہند مشاعرہ کی شمولیت بھی کلیان کرناٹک کے اردو داں طبقہ کیلئے خوش آئند امر ہے۔واضح رہے کہ انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ نے ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین کی صدارت میں،عہدیداران انجمن جناب خواجہ پاشاہ انعام دار،ڈاکٹر انیس صدیقی،محمد مجیب احمد اور ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر کے ہمراہ محترمہ کنیز فاطمہ ایم ایل اے، گلبرگہ (شمال) سے ملاقات کی اور توجہ دلائی کہ کلیان کرناٹک اتسو میں شمالی کرناٹک میں بولی جانے والی دوسری بڑی زبان اردو سے متعلق کوئی پروگرام شاملِ نہیں ہے۔انجمن کی تجویز پر محترمہ کنیز فاطمہ نے بلا تامل کلیان کرناٹک ڈیولپمنٹ بورڈ کے سکریٹری شری انرودھ سراون پی سے بات کی اور اتسو کے پروگراموں میں ایک کل ہند مشاعرہ شامل کرنے کا مطالبہ کیا، جسے شری انرودھ سراون پی نے قبول کرتے ہوئے ذمہ داران انجمن سے خواہش کی کہ وہ مشاعرہ کی تیاری میں ضروری معاونت کریں۔مجوزہ کل ہند مشاعرہ اتوار، 26 فروری2023، کو شب آٹھ بجے، گلبرگہ یونیورسٹی کے احاطہ میں اتسو کے اسٹیج پر منعقد ہوگا۔اس مشاعرہ میں اقبال اشہر (دہلی)، ابرار کاشف(امراوتی)، عزم شاکری (دہلی)، راجیش ریڈی (ممبئی)،متین شہزاد (مالیگاؤں)، سلیم محی الدین (پربھنی) سردار سلیم (حیدرآباد)، قمر سرور (احمد نگر)، پرگیہ شرما (ممبئی)، ڈاکٹر فرزانہ فرح (بھٹکل)،سندر مالیگاؤیں (مالیگاؤں)، ڈاکٹر سید افتخار شکیل (رائچور)، ڈاکٹر رفیق سوداگر(یادگیر)، حامد سلیم (بیدر)کے علاوہ میزبان شعرا حامد اکمل، نورالدین نور، انجنیئر اکرم نقاش،اسد علی انصاری، صادق کرمانی اور انجینئر محمد یوسف شیخ اپنے کلام سے محظوظ کریں گے۔مشاعرہ گاہ کے لیے سٹی بسوں کا انتظام رہے گا۔عہدہ داران انجمن ترقی قردو ہند شاخ گلبرگہ نے شائقین شعر و ادب سے کثیر تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے۔