نئی دہلی، یکم فروری (یواین آئی) تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مسلسل دوسرے مہینے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ، جبکہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی، انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق اتوار سے دہلی میں 19 کلوگرام والا کمرشل ایل پی جی سلنڈر 1,740.50 روپے کا ہو گیا ہے ۔تجارتی گیس سلنڈر ہوٹلوں، ریستورانوں، ڈھابوں اور دیگر تمام غیر گھریلو مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ ملک کے دیگر میٹرو شہروں میں بھی قیمتوں میں تقریباً اتنا ہی اضافہ کیا گیا ہے ۔ کولکاتہ اور ممبئی میں اس کی قیمت میں 49.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ اب کولکاتہ میں نئی قیمت 1,844.50 روپے اور ممبئی میں 1,692 روپے ہو گئی ہے ۔ چینائی میں تجارتی ایل پی جی سلنڈر 50 روپے مہنگا ہو کر آج سے 1,899.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔وہیں، 14.2 کلوگرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 08 اپریل 2025 کے بعد سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔