حیدرآباد،25جون(سیاست نیوز)اے پی میں کلکٹرس کانفرنس کے دوسرے دن وزیرداخلہ ایم سُچترا نے کہا کہ حکومت چار ہزارملازمین پولیس کی تقرری کرے گی تاکہ محکمہ پولیس کو مستحکم کیاجاسکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کمزور طبقات، اقلیتوں اور غیر محفوظ طبقات کا تحفظ کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ خواتین کے خلاف جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کی جائے گی اور ریاست میں ایسی وارداتوں کو روکنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔اس موقع پر ڈی جی پی گوتم سوانگ نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم،سڑک حادثات ریاست میں تشویش کا سبب ہیں۔ان کو اولین ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ متحدہ ریاست کی تقسیم کے سبب انفراسٹرکچر کا کافی نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے بڑھتے ہوئے چیلنجس سے نمٹنے کے لئے پولیس ملازمین کو تربیت دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے بعض حصوں میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے اور محکمہ پولیس،اس کوروکنے کیلئے تیار ہے ۔