کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی بھگوت نے کورونا ٹیکہ لیا

   


پولیس ملازمین کو ٹیکہ لازمی طور پر لینے کا مشورہ، ملکاجگیری کیمپ میں خطاب

حیدرآباد : کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت نے آج ملکاجگیری پرائمری ہیلت سنٹر میں کورونا ویکسین کا ٹیکہ لیا۔ قبل ازیں انھوں نے ٹیکہ اندازی کے پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انھوں نے پولیس عملہ کو ویکسین کے لازمی استعمال پر زور دیا اور کہاکہ رچہ کنڈہ کے تمام زونس اور کمشنریٹ سے وابستہ ملازمین کی ٹیکہ اندازی کے لئے 48 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آج سے 30 مراکز میں ٹیکہ اندازی کا آغاز کردیا گیا ہے اور آئندہ 4 دنوں کے دوران ٹیکہ اندازی کے عمل کو پورا کرلیا جائے گا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ طبی عملہ اور پولیس ملازمین کے درمیان تال میل کے لئے ایک لائزیننگ آفیسر کو مقرر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ متعلقہ علاقوں میں ویاکسن سنٹر اور پولیس ملازمین کے لئے واٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا۔ انھوں نے عملہ کو مشورہ دیا کہ وہ بلاخوف ویاکسین کا استعمال کریں چونکہ اس ویاکسن سے کوئی دھوکہ و نقصان نہیں ہے۔ انھوں نے عملہ کو بھروسہ دلایا کہ ویاکسن صد فیصد فائدہ بخش ہے اور مکمل اطمینان بخش بھی ہے۔ جس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں۔ اطلاع کے مطابق آج ملکاجگیری پرائمری ہیلت سنٹر کے ذریعہ 1500 پولیس ملازمین کو ٹیکہ اندازی کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ ہر سنٹر کے پاس ایمرجنسی طبی عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس موقع پر پولیس اور میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار موجود تھے۔