حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) شاد نگر کے ڈاکٹر پرینکا ریڈی قتل کیس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے قومی کمیشن برائے خواتین نے پولیس کمشنر سائبرآباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی تفصیلی تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔ کمیشن کی چیرپرسن ریکھا شرما نے پولیس کمشنر سائبرآباد مسٹر سجنار کو ایک نوٹس جاری کی جس میں بتایا گیا کہ 26 سالہ ویٹرنری ڈاکٹر کا قتل کیس انتہائی افسوسناک ہے اور خواتین کی سلامتی پر ایک سوالیہ نشان اٹھاتا ہے ۔ کمیشن کی چیرپرسن نے اپنی نوٹس میں سائبرآباد پولیس کو اس کیس کی مکمل تحقیقات کے بعد کمیشن کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی کمیشن برائے خواتین نے ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے قتل کیس پر از خود کارروائی کرتے ہوئے یہ نوٹس جاری کی ہے۔