پی ایف آئی اور دیگر تنظیموں کے ساتھ بدسلوکی ، پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔26ڈسمبر(سیاست نیوز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ذمہ داران نے پولیس کمشنر کریم نگر پر پی ایف آئی اور دیگر سماجی تنظیموں کے ذمہ داران کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور پی ایف آئی کو بدنام کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔ آج یہاں قدیم پریس کلب حیدرآباد میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف آئی نائب صدر عبدالاحد نے کہاکہ 12ڈسمبر کو کریم نگر میںسی اے اے او رامکانی این آرسی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے کے بعد پی ایف آئی اور احتجاج میںشامل دیگر سماجی تنظیموں کے ذمہ دارن کو پولیس کمشنر کریم نگر کملا ہاسن ریڈی نے اپنے دفتر طلب کیا اور انہیں پی ایف ائی کی سرگرمیوں سے دورہنے کی تلقین کی اور کہاکہ پی ایف آئی ایک دہشت گرد تنظیم ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے پی ایف آئی کے کارکنوں کو وارننگ کے انداز میںکہاکہ اگر کریم نگر میںپی ایف ائی کی سرگرمیاں جاری رہیں گی تو وہ کارکنوں کو فرضی مقدمات میںماخوذ کردیں گے۔پولیس بالخصوص پولیس کمشنر کریم نگر کملاہاسن ریڈی کے رویہ کی سختی کے ساتھ مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میںبھی کملا ہاسن ریڈی نے پی ایف آئی جو کہ ایک رضاکارانہ تنظیم ہے اس کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیاتھا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایک سکیولر ریاست میں فرقہ پرست ذہنیت کے حامل پولیس عہدیداروں کی وجہہ سے ریاست کی شبہہ متاثرہوتی ہے ۔ عبدالاحد نے کہاکہ پی ایف آئی کی فلاحی سرگرمیاں ہیں ‘ جس میں بچوں کی تعلیم پر توجہہ دی جاتی ہے اور ہم اسکالر شپ بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیرداخلہ محمد محمودعلی سے مطالبہ کیاکہ وہ کریم نگر پولیس کمشنر کے رویہ پر نوٹ لیں اور سکیولر ذہن کے حامل شہریوں کے ساتھ کی جارہی بدسلوکی کو روکنے کاکام کریں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محمدعابد جنرل سکریٹری پی ایف آئی‘ سید خالد ریاستی خازن اور سید طحہٰ ارسلان کریم نگراڈھاک کمیٹی کوارڈینٹر بھی موجود تھے۔