غزہ: غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد گذشتہ برس نومبر میں 25 سالہ امریکی فیشن ماڈل Ella Emhoff نے غزہ کی پٹی کے بچوں کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کی۔ یہ مہم انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے متعارف کرائی گئی جہاں ایلا کے فالوور کی تعداد 3.14 لاکھ سے زیادہ ہے۔ ایلا بھی اپنے والد Douglas Emhoff کی طرح یہودی مذہب سے تعلق رکھتی ہے۔ ڈگلس 2014 سے اب تک امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے شوہر ہیں۔ اس سے قبل ڈگلس کی شادی ایک امریکی خاتون فلم پروڈیوسر سے ہوئی تھی۔ اس خاتون سے ایلا اور اس کی بہن پیدا ہوئیں۔ ڈگلس اور ان بچیوں کی ماں کے درمیان 2008 میں طلاق ہو گئی تھی۔ایلا کا قائم کردہ “فلسطینی بچوں کا امدادی فنڈ” ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جس کا صدر دفتر امریکی ریاست اوہایو میں ہے۔ پہلے مرحلے میں اس فنڈ نے 79 لاکھ ڈالر اکٹھا کر لیے جبکہ اس مہم کا نشانہ 1 کروڑ ڈالر تھا۔امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق ایلا کہتی ہے کہ اسے یہ محسوس نہیں ہوتا کہ وہ یہودی ہے۔ بعد ازاں اس امریکی فیشن ماڈل نے فنڈ کا ہدف 2 کروڑ ڈالر تک بڑھا دیا جب کہ فنڈ کا حجم 1.9 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
دوسری جانب کانگریس کے ریپبلکن رکن جیف وین ڈرو نے کملا ہیرس کے شوہر کی بیٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔