کمیرا ملنا جاترا میں شیرخوار کی موت پر کویتا کا اظہار افسوس

   

نظام آباد۔22 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ناگرکرنول کے کمیرا ملنا جاترا کے دوران مبینہ ذات پات کی بنیاد پر ایک غریب رجک خاندان پر حملے میں دو ماہ کی شیر خوار بچی کی موت پر تلنگانہ جاگرتی کی صدر کے کویتا نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاترا میں شرکت کیلئے آنے والے رجک جوڑے گنیش اور مونیکا، ان کی نومولود بچی، ماں اور بہن پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں معصوم بچی جانبر نہ ہوسکی، جو نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔کے کویتا نے متاثرہ بچی کی والدہ اور خاندان کے افراد سے فون پر بات کر کے انہیں تسلی دی اور انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ متاثرین نے اس موقع پر خدشہ ظاہر کیا کہ حملہ آوروں کو بچانے کیلئے پولیس کی جانب سے معمولی نوعیت کے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔بعد ازاں انہوں نے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ناگرکرنول سے فون پر بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جاترا کے دوران ذات پات کی بنیاد پر حملہ کرکے بچی کی موت کا سبب بننے والے ملزمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر ایس پی نے یقین دلایا کہ واقعہ کی مکمل جانچ کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔