سیول ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کی فوج نے جنوبی کوریا کے ساتھ متنازعہ سمندری سرحد کے قریب شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کے حکم پر فوجی مشقیں انجام دیں۔ شمالی کوریا کی سنٹرل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ فوجی مشقیں اور فائرنگ کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب کم جونگ ان جزیرہ چانگرین میں ایک فوجی یونٹ کا معائنہ کررہے تھے۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال امریکہ کے ساتھ نیوکلیئر موضوع پر بات چیت کے بعد کم جونگ کا کسی بھی فوجی یونٹ کا یہ پہلا دورہ تھا جو ایک ایسا دورہ تھا جس کے بارے میں سب کو معلوم تھا کہ کم جونگ کہاں جارہے ہیں ورنہ عام طور پر اس نوعیت کے دوروں کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ شمالی کوریا نے امریکہ کے ساتھ نیوکلیئر توانائی کے موضوع پر بات چیت کا سلسلہ بند کر رکھا ہے کیونکہ شمالی کوریا کا امریکہ سے مطالبہ ہیکہ وہ شمالی کوریا پر عائد تحدیدات برخاست کرے اور شمالی کوریا کے تئیں اس نے (امریکہ) جو سخت پالیسیاں اپنا رکھی ہیں انہیں بھی ترک کرے۔