نئی دہلی:ایکسائز پالیسی سے متعلق معاملہ میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی اور اے اے پی لیڈر منیش سسودیا کی عدالتی حراست میں توسیع کر دی گئی ہے۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے سسودیا کی عدالتی تحویل میں 12 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ اس سے پہلے 17 اپریل کو عدالت نے سسودیا کی تحویل میں 10 دن کی توسیع کرتے ہوئے اس 27 اپریل تک کردی تھی، جس کی مدت پوری ہونے کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں مزید توسیع کردی ہے۔ ایکسائز پالیسی کیس میں عدالتی حراست میں رکھے گئے سسودیا نے اپنی بیوی کی طبیعت خراب ہونے اور بیٹے کے بیرون ملک ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت میں ضمانت کی درخواست بھی داخل کی تھی۔بتادیں کہ منیش سسودیا کی اہلیہ ‘آٹو امیون ڈس آرڈر’ بیماری میں مبتلا ہیں اور انہیں یہاں کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ 49 سالہ سیما سسودیا کو اندر پرستھ اپولو اسپتال کے نیورولوجی ڈیپارٹمنٹ میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی جانچ کی جا رہی ہے۔