کنٹونمنٹ کے سرکاری اسکول میں 3 طلباء کورونا سے متاثر

   

حیدرآباد۔ سرکاری اسکولوں میں کورونا کے کیسس میں اضافہ تشویش کا باعث بنتا جارہا ہے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میں ایک سرکاری بوائز اسکول میں 3 طلباء کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ ہیلت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طلباء کا ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کیا گیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب اسکولوں کی کشادگی کے بعد کنٹونمنٹ علاقہ میں طلباء کا ٹسٹ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 84 طلباء کا ٹسٹ کیا گیا جن میں سے 3 کا نتیجہ پازیٹیو آیا ہے۔ بعض طلباء میں کورونا کی علامات کو دیکھتے ہوئے تمام طلباء کے ٹسٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ اسکول کے حکام نے بتایا کہ سرپرستوں کو چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے اور پازیٹیو پائے جانے والے طلباء کو مکانات بھیج دیا گیا۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ہوم آئسولیشن اور علاج کے بارے میں سرپرستوں کی رہنمائی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اگرچہ یہ ٹسٹ چند دن قبل کیا گیا تھا لیکن طلباء اور سرپرستوں میں خوف کے ماحول کے اندیشہ کے تحت نتائج کو ظاہر نہیں کیا گیا۔اسکول کے دیگر طلباء اور ٹیچرس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اسکول کا دورہ کرتے ہوئے کورونا قواعد پر عمل آوری سے واقف کرایا۔