لندن: برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم نے اپنی سالگرہ پر بھوکوں کیلئے کھانا فراہم کرنے سے متعلق ایک نئے پراجکٹ کا آغاز کیا۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں بھی تقریبا ً14 ملین افراد کو خوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم منگل کو اپنی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس موقع پر وہ کھانے کی کمی سے نمٹنے اور کھانا ضائع ہونے کو کم کرنے کیلئے ‘کورونیشن فوڈ پروجیکٹ’ کا باضابطہ آغاز کر رہے ہیں۔بادشاہ چارلس اپنی اہلیہ ملکہ کیملا کے ساتھ اپنی سالگرہ کا دن اس مرکز میں گزاریں گے جو بچ جانے والے کھانے اور خوراک کی تقسیم کیلئے معروف ہے۔ وہ برطانیہ کی بڑی سپر مارکیٹوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جا سکے کہ ایسے ادارے ان کے پروجیکٹ خوراک کے تحت بچے ہوئے کھانے کو دوبارہ تقسیم کرنے میں کس طرح مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ بچا ہوا کھانا اکثر ضائع ہو جاتا ہے۔
پیر کے روز بھی بادشاہ چارلس نے دیگر افراد اور تنظیموں کیلئے ایک جشن کا اہتمام کیا تھا جبکہ منگل کو نیشنل ہیلتھ سروس کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر وہ نرسوں اور دائیوں کے کام کے اعتراف میں ایک استقبالیہ کی میزبانی کریں گے۔