کنگ کوٹھی ہاسپٹل حکام کے خلاف نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن میں شکایت

   

آکسیجن کی سربراہی میں غفلت سے مریضوں کی موت، فیروز خاں کا الزام
حیدرآباد: کانگریس پارٹی کی جانب سے نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن میں کنگ کوٹھی ہاسپٹل کے حکام کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکام کی لاپرواہی کے نتیجہ میں 7 سے زائد کورونا مریض فوت ہوچکے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں نے نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن نارائن گوڑہ پہنچ کر تحریری شکایت حوالے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنگ کوٹھی ہاسپٹل کے حکام کو قتل کی دفعات کے تحت بک کیا جانا چاہئے کیونکہ آکسیجن کی سربراہی میں کوتاہی کے سبب کورونا کے کئی مریض فوت ہوچکے ہیں۔ درخواست کے ساتھ میڈیا میں شائع شدہ خبروں کے تراشے پیش کئے گئے۔ فیروز خاں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرکاری دواخانے قتل گاہوں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ کورونا کے مریض خانگی دواخانوں سے رجوع ہونے کے بعد واپسی کا یقین نہیں رکھتے۔ سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنگ کوٹھی ہاسپٹل کے حکام کی ذمہ داری تھی کہ آکسیجن کے ختم ہونے سے قبل ہی ری فیلنگ کا انتظام کرتے۔ حکام کی لاپرواہی نے مریضوں کی جان لے لی ہے۔ تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسس اور کئی دوسرے دواخانوں میں بھی آکسیجن کی قلت سے مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ فیروز خاں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ مقدمہ درج کرتے ہوئے ہاسپٹل کے حکام کو حراست میں لیں تاکہ ریاست کے کسی اور دواخانہ میں اس طرح کی کوتاہی نہ ہو۔