نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو امریکہ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے جہاںوہ کواڈ قائدین کی چوٹی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ‘مستقبل کی چوٹی کانفرنس’ سے خطاب کرنے کے ساتھ غیر مقیم ہندوستانیوں سے بات چیت بھی کریں گے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ وزیراعظم چھٹے کواڈ لیڈرس چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے اور اقوام متحدہ میں ‘مستقبل کی چوٹی کانفرنس’ سے خطاب کریں گے۔امریکہ روانگی سے قبل وزیراعظم مودی نے کہا کہ میں کواڈ چوٹی کانفرنس کیلئے اپنے معاونین صدر جو بائیڈن، وزیراعظم البنیز اور وزیر اعظم کشیدا کے ساتھ شامل ہونے کیلئے کافی پْر جوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہند۔امریکہ جامع عالمی اسٹریٹیجک شراکت داری کو اور گہرا کرنے کیلئے نئے راستوں کا جائزہ اور پہچان کرنے کی اجازت دے گی۔غیر مقیم ہندوستانیوں اور اہم امریکی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ جڑنے کا بے صبری سے انتظار کرنے کی بات کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ یہ اہم اسٹیک ہولڈرز ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے پرانی جمہوریت کے درمیان ایک انوکھی شراکت داری کو زندگی فراہم کرتے ہیں۔غور طلب رہے کہ اس سال کواڈ چوٹی کانفرنس کا انعقاد اصل میں ہندوستان میں ہی ہونے والا تھا لیکن 4 رہنماؤں کے پروگرام کو دیکھتے ہوئے اس کا انعقاد امریکہ میں منتقل کر دیا گیا۔