حکومت پر اموات کی تعداد چھپانے کانگریس پارٹی کا الزام
حیدرآباد 25 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کورونا سے فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو فی کس 50 ہزار روپئے ایکس گریشیاء ادا کرے۔ حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ نے اِس الزام کو دہرایا کہ ریاستی حکومت کورونا سے فوت ہونے والوں کی حقیقی تعداد کو چھپارہی ہے تاکہ معاوضہ کی ادائیگی سے بچ سکے۔ سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے داخل کردہ تفصیلات کا حوالہ دیتے ہوئے سمیر ولی اللہ نے کہاکہ ریاست میں حکومت نے اموات کے بارے میں جو اعداد و شمار پیش کئے ہیں اُس سے 7 گنا زیادہ معاوضے کے لئے درخواستیں داخل کی گئیں۔ حکومت نے 3993 اموات کا دعویٰ کیا ہے جبکہ امداد کے لئے 28969 خاندانوں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ حکومت 24976 اموات کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ حقیقی تعداد کے بارے میں محکمہ صحت سے وضاحت طلب کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ 28969 درخواستوں میں سے صرف 12148 خاندانوں کو معاوضہ ادا کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کئے گئے۔ اُنھوں نے 16821 درخواستوں کو مسترد کرنے کی وجوہات بیان کرنے کا مطالبہ کیا۔ تلنگانہ کا سالانہ بجٹ دو لاکھ کروڑ ہے اور حکومت کو تمام درخواستوں کی یکسوئی کے لئے محض 84.10 کروڑ کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے بجٹ میں 500 کروڑ مختص کرتے ہوئے ایکس گریشیاء کی رقم ایک لاکھ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا میڈیکل بلیٹن میں حکومت متاثرین اور اموات کی حقیقی تعداد کو چھپارہی ہے۔ ابتداء ہی سے حکومت کورونا سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں ناکام ثابت ہوئی۔ اُنھوں نے کہاکہ فیور سروے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور ماہرین کے مطابق آئندہ دو ہفتوں میں کورونا کی صورتحال مزید سنگین نوعیت اختیار کرلے گی۔ ر