کورونا ‘ خیریت آباد و چارمینار سرکل ہاٹ اسپاٹس

   

متاثرین کی ریکارڈ تعداد۔کیرالا کے مجموعی کیسوں کی برابری
حیدرآباد۔ حیدرآباد کے خیریت آباد اور چارمینار سرکلس میں کورونا کیسوںمیں کیرلا کو بھی مریضوں کی تعداد کے معاملے میں پیچھے چھوڑدیا ہے۔ ان سرکلس میں تاحال کورونا کیسوں کی تعداد 3611 تک پہنچ چکی ہے جبکہ کیرلا میں مجموعی تعداد 3850 رہی اور وہاں حکومت کو مرض پر قابو پانے میں کامیابی ملی ہے۔ خیریت آباد میںجس میں کئی سلم علاقے ہیں، 2354 کیس منظر عام پر آئے جبکہ گریٹر حیدرآباد میں جملہ کیسوں کی تعداد 6071 ہے۔ چارمینار سرکل تعداد میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں 1257 کیس ہیں ۔ کاروان ضیا گوڑہ میں سب سے زیادہ 662 پازیٹیو کیسس ہیں ۔ کیسوں میں اضافہ پر سیاسی قائدین و عوامی نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئیسولیشن سنٹرس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ عوام گھروں پر آئیسولیشن کی صورت میں بہتر علاج کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ لہٰذا سلم علاقوں کے اطراف آئیسولیشن سنٹرس قائم کئے جائیں ۔ عوام کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی بالخصوص سماجی فاصلے کی برقراری میں ناکامی وائرس کے پھیلائو کا اہم ذریعہ ثابت ہورہی ہے۔ صبح سے ہی ترکاری، گوشت اور اجناس کے مارکٹس میں ہجوم دیکھا جارہا ہے۔