کورونا سے بچاؤ کی خاطر احتیاط لازم، جرمن چانسلر

   

برلن : جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی کامیابی سے وابستہ بہت زیادہ امیدوں کے پیش نظر کووڈ انیس کے وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے لازمی احتیاط نا کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ مرکل نے کہا کہ اس وبا کے باعث انسانی اموات کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جانا چاہیے۔ چانسلر میرکل نے نرسنگ ہومز اور معمر افراد کی نگہداشت کے مراکز کے حوالے سے جرمن نشریاتی اداروں آر ٹی ایل اور این ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا، ’’ہمیں اب بہت محتاط رہنا چاہیے تاکہ ہر کسی کو کچھ ہی دور کھڑی موت سے بچایا جا سکے۔‘‘ جرمن چانسلر نے اس الزام کو بھی رد کیا کہ ملک میں انسانی اموات میں اضافے کا سبب ویکسین کی دستیابی میں تاخیر بنی۔ ان کے بقول یہ امر حیران کن ہے کہ بہت جلدی کئی ویکسینز تیار کر لی گئیں۔