کورونا سے بے سہارا ہوئے بچوں کیلئے مرکز کی امداد

   

پی ایم کیئرز فنڈ اسکیم کے تحت رقم کی اجرائی، وزیراعظم مودی کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بچوں سے خطاب

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کوان بچوں کے لیے پی ایم کیئرزفنڈ اسکیم کے تحت امدادجاری کی جو کورونا کے دور میں اس انفیکشن کی وجہ سے اپنے والدین یا سرپرستوں کوکھونے کی وجہ سے بے بس و بے سہارا ہو گئے ہیں۔ آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم کیئرز فار چلڈرن اس بات کا عہد ہے کہ ملک کا ہرشہری انتہائی حساسیت کے ساتھ ان بچوں کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں مطمئن ہوں کہ ایسے بچوں کی اچھی تعلیم کے لیے ان کے گھروں کے قریب ہی سرکاری یا پرائیویٹ اسکولوں میں ان کا داخلہ کرایاجاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اگر کسی بچے کو پروفیشنل کورس یا اعلیٰ تعلیم کے لیے قرض کی ضرورت ہے تو پی ایم کیئرز اس میں بھی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری روزمرہ ضروریات کے لیے دیگر اسکیموں کے ذریعے ان کے لیے ماہانہ 4000 روپے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ایسے بچے اسکول کی تعلیم مکمل کرلیں گے تو مستقبل کے خوابوں کے لیے مزید رقم کی ضرورت ہوگی۔ اس کے لیے 18 سے 23 سال کے نوجوانوں کو ہر ماہ وظیفہ ملے گا اور جب بچے 23 سال کے ہو جائیں گے تو انہیں 1000000 روپے کی یکمشت امداد دی جائے گی۔ مودی نے کہا کہ پی ایم کیئر فار چلڈرن کے ذریعے بچوں کو آیوشمان ہیلتھ کارڈ بھی دیا جا رہا ہے ۔ اس سے انہیں پانچ سال تک مفت علاج کی سہولت بھی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک پی ایم کیئرز کے ذریعے اس ذمہ داری کو پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ یہ کوشش کسی ایک شخص تنظیم یا حکومت کی محض کوشش نہیں ہے ، ہمارے کروڑوں ہم وطنوں نے اپنی محنت اور پسینے کی کمائی پی ایم کیئرز میں دی ہے ۔ اس موقع پر مودی نے کہا میں جانتا ہوں کہ کوئی بھی کوشش اور تعاون آپ کے والدین کے پیار کی تلافی نہیں کر سکتا، لیکن آپ کے والد اور والدہ کی غیر موجودگی میں، ماں بھارتی اس بحران کی گھڑی میں آپ سبھی بچوں کے ساتھ ہے ۔ ملک کے جذبات آپ کے ساتھ ہیں اور پورا ملک آپ کے خوابوں کی تکمیل کے لیے آپ کے ساتھ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری انسانیت وباسے متاثر ہوئی ہے ۔ دنیا کا شاید ہی کوئی کونا ہو گا جہاں صدی کے اس سب سے بڑے سانحے نے لوگوں کو کبھی نہ بھلائے جانے والے زخم نہ دئے ہوں۔ آپ نے جس ہمت اور حوصلے کے ساتھ اس بحران کا مقابلہ کیا اس کے لئے میں آپ سب کو سلیوٹ کرتاہوں۔
مودی کی آج سرکاری اسکیموں کے مستفیدین سے بات چیت
نئی دہلی: ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت مختلف مرکزی وزارتوں کا ایک بڑا مشترکہ پروگرام 31 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی کی مہمان نوازی میں منعقد ہوگا۔ مسٹر مودی شملہ (ہماچل پردیش) میں ‘غریب کلیان سمیلن’ نامی اس قومی سطح کے پروگرام میں، نو مرکزی وزارتوں کی طرف سے چلائی جانے والی 16 اسکیموں کے مستفیدین سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کریں گے اور وہ 10 کروڑ سے زیادہ کسانوں کو 21 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی پی ایم کسان سمان ندھی کی 11ویں قسط بھی جاری کریں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ریاستی دارالحکومتوں، ضلع ہیڈکوارٹرز اور کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے ) میں بھی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ پروگراموں کی اس سیریز کے تحت وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر پوسا (دہلی) میں کسانوں کے ساتھ شامل ہوں گے ۔ یہ کانفرنس ملک کا اب تک کا سب سے بڑا واحد پروگرام ہوگا، جس کے تحت تمام اضلاع میں ملک گیر مکالمہ ہوگا۔