واشنگٹن، 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کورونا وائرس کووڈ۔19′ سے لڑنے کیلئے نیپال کو 21.4 کروڑ ڈالر کی ہنگامی مالی مدد دے گا۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے چہارشنبہ کو اس کی منظوری دی۔ نیپال کو ملاکر آئی ایم ایف اب تک 50 ممالک کو کووڈ۔19 کے لئے ہنگامی مالی مدد منظور کر چکا ہے ۔آئی ایم ایف کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فوری قرض کی سہولت کے تحت بورڈ نے نیپال کیلئے 21.4 ملین ڈالر کی رقم منظور کی ہے ۔ کووڈ۔19 کی وجہ سے نیپال کی سیاحت، گھریلو اقتصادی سرگرمیوں اور بیرون ملک کام کرنے والے اس کے شہریوں کی طرف سے بھیجے جانے والے پیسے میں بھاری کمی آئی ہے۔ اس سے اس کی اقتصادی ترقی، ادائیگی توازن اور مالی حالت متاثر ہوئی ہے ۔آئی ایم ایف کی طرف سے جاری رقم سے اسے فوری مالی ضروریات کو پورا کرنے میں آسانی ہوگی۔