حیدرآباد۔ کورونا سے کئی اہم سیاسی قائدین کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیر اور بی جے پی قائد ایم نرسمہلو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جو سوماجی گوڑہ میں واقع ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ کورونا کا شکار ہونے کے بعد انہیں خانگی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ علاج کے دوران کل اچانک طبیعت بگڑ گئی جس پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کرتے ہوئے ڈاکٹرس کی ٹیم خصوصی نگہداشت کررہی ہے۔ تلگودیشم دور حکومت میں ریاستی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ایم نرسمہلو تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چندرا بابو نائیڈو سے اختلافات کے نتیجہ میں پارٹی سے دور ہوگئے تھے۔ 2008 اسمبلی انتخابات میں انہوں نے آلیر اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیا لیکن شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے جاریہ سال جنوری میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ نرسمہلو کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔