شہرا و مضافاتی علاقوں کی حالت تشویشناک ۔ ڈائرکٹر ہیلت و سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل کا بیان
حیدرآباد۔ شہری خود پر لاک ڈاؤن نافذ کرلیں کیونکہ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران اس طرح کے حالات پیدا ہوں گے اس بات کی توقع نہیں کی گئی تھی ۔ ریاست ہی نہیں بلکہ ملک کی کئی ریاستوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اور ان حالات سے محفوظ رہنے شہریوں کو خود پر سیلف لاک ڈاؤن کرلینا چاہئے ۔ سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ڈاکٹر راجا راؤ اور ڈائرکٹر محکمہ صحت جی سرینواس راؤ نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اور حیدرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل سے یومیہ 150 کورونا مریض رجوع ہورہے ہیں۔ انہو ںنے عوام سے گھروں کے باہر نہ نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال کو سمجھیں کہ صورتحال کس قدر دھماکو ہوچکی ہے اور ان پر قابو پانے عوام کو خود لاک ڈاؤن کرلینا چاہئے ۔ ڈاکٹر راجا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے نمٹنے میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ شہری ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی مدد کریں اور خود کو گھروں میں بند کرلیں۔ انہو ںنے بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں 350 مریض آئی سی یو میں شریک ہیں اور ہر 10 منٹ میں ایک مریض دواخانہ سے رجوع ہورہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے علاج و معالجہ کی سہولت کو بہتر بنانے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن عوامی لاپرواہی سے حالات سنگین نوعیت اختیار کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر راجا راؤ نے بتایا کہ گھر میں رہتے ہوئے اگر کوئی شخص کورونا سے متاثر ہوتا ہے تو اس کا علاج گھر میں ممکن بنایا جاسکتا ہے لیکن باہر نکلنے والوں کے علاج میں دشواریاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں 1400 آکسیجن بستروں کو تیار رکھا گیا ہے اور ہر طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے تیاریاں کی جا رہی ہیں لیکن مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے۔ تلنگانہ میں ریمیڈی سیور انجکشن راست دواخانوں کو سربراہ کیا جائیگا اور کسی شخص کو اس انجکشن کی فروخت عمل میں نہیں لائی جائے گی۔ سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے آج میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ گھریلو قرنطینہ میں موجود مریضوں کیلئے بھی وہ ڈاکٹرس ریمیڈی سیور تجویز کرسکتے ہیں اور دواخانوں سے مریضوں کی تفصیلات فراہم کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن دواخانوں میں کورونا مریضوں کا علاج کیا جا رہاہے ان میں ڈاکٹرس کی تجویز پر ہی یہ انجکشن سربراہ کیا جائے گا۔