کورونا علاج میں مدد کیلئے 50 ہزار ایم بی بی ایس کامیاب طلبا کے تقرر کا فیصلہ

,

   

عارضی خدمات کیلئے خاطر خواہ معاوضہ ۔ ورنگل اور عادل آباد میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کی ہدایت ‘ کے سی آر کا اجلاس

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے میڈیکل و ہیلت عملہ پر بوجھ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ریاست میں کورونا سے نمٹنے جدوجہد میں مصروف ہیں۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے 50,000 میڈیکل طلبا سے درخواستیں طلب کی ہیں جنہوں نے اپنا ایم بی بی ایس مکمل کرلیا ہو۔ چیف منسٹر نے میڈیکل اینڈ ہیلت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دو تا تین ماہ کی مدت کیلئے ڈاکٹرس ‘ نرسیس ‘ لیب ٹیکنیشن ‘ فارماسسٹ اور دوسرے نیم طبی عملہ کا تقرر فوری طور پر عمل میں لائیں اور کورونا علاج کیلئے ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان عارضی ملازمین کو قابل قدر تنحواہیں دی جانی چاہئیں کیونکہ وہ بھی قابل قدر خدمات انجام دینگے ۔ ان کی خدمات کا مناسب اعتراف کیا جائیگا ۔ مستقبل میں جب سرکاری ملازمتوں پر تقررات کئے جائیں گے تو ان کی عارضی خدمات کو بھی ذہن نشیان رکھا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے نوجوان ڈاکٹرس سے اپیل کی کہ وہ مشکل وقتوں میں عوام کی خدمت کیلئے آگے آئیں۔ جو نوجوان اس میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہیں
http://odls.telangana.gov.in/medicalrecruitment/home.aspx
پرلاگ آن کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے اہل نرسیس ‘ فارماسسٹس ‘ لیب ٹکنیشن اور نیم طبی عملہ سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی آگے آئیں اور خدمات فراہم کریں۔ چیف منسٹر نے آج ایک جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ورنگل اور عادل آباد میں فوری طور پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس قائم کئے جائیں اور وہاں میڈیکل اور ہیلت اسٹاف کا تقرر عمل میں لایا جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایم جی ایم کاکتیہ میڈیکل کالج کے احاطہ میں 250 بستروں والا سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل اور رمس عادل آباد میں 250 بستروں والا سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل قائم کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے پرنسپال سکریٹری فینانس رام کرشنا راو کو ہدایت دی کہ وہ فوری 28 کروڑ روپئے جاری کریں۔ آٹھ کروڑ روپئے پی ایم ایس ایس وائی کے تحت ایم جی ایم ہاسپٹل کیلئے اور 20 کروڑ روپئے عادل آباد ہاسپٹل کیلئے جاری کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ورنگل میں 363 اور عادل آباد میں 366 رکنی عملہ کے تقرر کیلئے بھی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ 729 افراد کے تقرر کیلئے فوری اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ چیف منسٹر کے آج منعقدہ جائزہ اجلاس میں ریاستی وزراء ٹی ہریش راو ‘ ای دیاکر راو ‘ پلاننگ کمیشن کے نائب صدر نشین ونود کمار ‘ ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی ‘ چیف سکریٹری سومیش کمار اور دوسروں نے شرکت کی ۔