کنٹیمنٹ زونس سے بھی عوام کو واقف کروانے کا فیصلہ ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار کا بیان
حیدرآباد۔کورونا متاثرین کی تفصیلات اب روزانہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی ویب سائٹ پر پیش کی جائیں گی اور ان کے محلہ کا نام اور پتہ بھی دیا جائے گا تاکہ وائرس پھیلنے سے روکا جاسکے ۔کمشنر بلدیہ حیدرآباد لوکیش کمار نے بتایا کہ شہر میں کورونا کے بڑھتے مریضوں کی تعداد پرقابو پانے کنٹینمنٹ زون کے قیام کیلئے لازمی ہے کہ عوام میںشعور اجاگر کیا جائے اور دیگر شہریوں کو واقف کروایاجائے کہ شہر کے کس علاقہ میں کورونا مریض ہیں اور دیگر شہریوں کو کس طرح کی احتیاط کرنی چاہئے ۔مسٹر لوکیش کمار نے محلہ کی کمیٹیوں اور رہائشی اپارٹمنٹس کی تنظیموں کے علاوہ اسوسیشن کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ جی ایچ ایم سی کے اس اقدام میں تعاون کریں تاکہ شہر میں کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔شہر میں کورونا وائرس مریضوں کی نشاندہی کے باوجود کئی علاقوں کو کنٹینمنٹ زون قرار نہ دیئے جانے کی شکایات کے بعد اب جی ایچ ایم سی کی جانب سے نہ صرف کنٹینمنٹ زون بلکہ کنٹینمنٹ زون کی تفصیلات ویب سائٹ پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی جانب سے ان علاقوں میں احتیاط کیا جائے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی حصوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے باوجود حکومت اور بلدیہ کی جانب سے قابو پانے کے اقدامات میں ناکامی کی شکایات کی جانے لگی تھیں لیکن گذشتہ دو یوم سے جی ایچ ایم سی عملہ نے متحرک ہوتے ہوئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات میں مصروف ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی ویب سائٹ پر کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کے ناموں کا افشاء نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کی رہائش اور محلہ کی تفصیلات کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی علاوہ ازیں مریض کو دواخانہ میں جس طرح سے ایک نمبر دیا جاتا ہے اسی نمبر سے نشاندہی کی جائے گی۔