کورونا مثبت کیسس میں اچانک اضافے سے حکومت تشویش کا شکار

,

   

آدھی رات تک کے سی آر نے جائزہ اجلاس منعقد کیا، دہلی سے آنے والوں کے معائنے جلد مکمل کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔2 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسس نے کے سی آر حکومت کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومت نے نئی دہلی سے واپس ہونے والے تبلیغی جماعت کے کارکنوں میں وائرس کے اثرات منظر عام پر آنے اور 7 افراد کے فوت ہونے کے معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ کے سی آر نے کل رات 12 بجے تک جائزہ اجلاس جاری رکھا جو دوپہر 2 بجے شروع ہوا تھا۔ چیف منسٹر نے ہر ضلع سے رپورٹ طلب کی جس میں دہلی سے واپس ہونے والے افراد ان کے معائنوں اور کورونا وائرس کے معاملات کی تفصیلات شامل تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران کورونا پازیٹیو کیسس میں اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے آئیسولیشن سنٹرس اور عارضی ہاسپٹلس میں بستروں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت دی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نظام الدین مرکز سے واپس ہونے والے افراد کے ذریعہ ان کے ارکان خاندان میں یہ وائرس پھیل گیا۔ میڈیکل رپورٹ سے اس بات کی توثیق ہوئی ہے کہ تلنگانہ میں کیسس میں اچانک اضافہ دہلی سے آنے والے متاثرین کے سبب ہوا ہے۔ کل ایک دن میں 30 افراد کا ٹسٹ مثبت پایا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں یہ وائرس بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کے ذریعہ پھیلا۔ لیکن متاثرہ تقریً لوگ صحت یاب ہورہے ہیں۔ ان میں سے کئی کو ڈسچارج کردیا گیا۔ ایک مریض کی حالت بھی تشویشناک نہیں ہے۔ تاہم گزشتہ چند دنوں سے مرکز سے واپس ہونے والے افراد میں وائرس کی موجودگی کا پتہ چلا اور کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ مرکز سے واپس ہونے والے 300 سے زائد افراد کے معائنے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے دہلی جانے والے افراد اور ان کے افراد خاندان سے اپیل کی کہ ہے کہ وہ ٹسٹ کے لیے حکام سے رجوع ہوں۔ ایسے افراد کو بغیر کسی تعطیل کے اپنا معائنہ کرانا چاہئے۔ کے سی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون کی پابندی کرتے ہوئے گھروں میں رہیں۔ اگر عوام نے آئندہ چند دنوں تک تعاون کیا تو تلنگانہ میں وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں کامیابی ملے گی۔ کورونا وائرس کا اجلاس کرنے والے ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹاف کے تحفظ کو حکومت اولین ترجیح دیتی ہے۔ حکومت کی جانب سے پی پی ای کٹرس، J95 ماسک، ہائیڈرو کلوروفائن ٹیابلیٹ اور ایزٹرومائسن ٹیابلیٹ سربراہ کررہی ہے۔ میڈیکل ٹسٹ کے لیے درکار کٹس کا انتظام کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے آج وزیراعظم مودی کو ویڈیو کانفرنس کے دوران وائرس سے نمٹنے تلنگانہ میں کئے جارہے اقدامات سے واقف کرایا۔

کورونا کے 27 نئے کیس‘ جملہ تعداد 154
حیدرآباد 2 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں جمعرات کو کورونا کے 27 نئے کیسیس کا پتہ چلا ہے جس سے ریاست میں جملہ کیسیس کی تعداد 154 تک جا پہونچی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دواخانوں میں کورونا کے سرگرم کیسیس 128 ہیں۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ تین افراد کو آج جمعرات کو دواخانوں سے ڈسچارچ کردیا گیا ہے ۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا سے صحتیابی کے بعد ڈسچارچ افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں کورونا سے جملہ اموات کی تعداد 9 ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو اور وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج وزیر اعظم نریندرمودی کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میںبھی شرکت کی ۔