کورونا مریضوں اور عوام کی سہولت کیلئے گاندھی بھون میں کنٹرول روم کا قیام

   

علاج اور دیگر سہولتوں میں رہنمائی، اضلاع میں بھی کنٹرول روم قائم کرنے مانکیم ٹیگور کی ہدایت
حیدرآباد۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے پردیش کانگریس کی کور کمیٹی کے اجلاس سے آن لائن خطاب کیا۔ انہوں نے گاندھی بھون اور دیگر اضلاع میں کورونا کنٹرول رومس کے قیام کی ہدایت دی۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال سنگین ہے اور مرکزی و ریاستی حکومت صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکے ہیں جس کے نتیجہ میں عوام میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ زوم ایپ کے ذریعہ منعقدہ کور کمیٹی اجلاس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، سرینواس کرشنن، مدھو یاشکی، ومشی چند ریڈی، سمپت کمار، سابق صدور پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ، سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ اے آئی سی سی کی ہدایت کے مطابق کانگریس قائدین کو اپنی اپنی ریاستوں اور اضلاع میں کورونا مریضوں کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیئے۔ گاندھی بھون میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا فون نمبر 040-24601254 ہے۔ یوتھ کانگریس اور طلباء و نوجوانوں کی تنظیموں کو چاہیئے کہ عوام میں ماسک، ادویات اور سنیٹائزرس کی تقسیم پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی متاثرین کو پلازمہ سنٹرس، آکسیجن کی دستیابی کے مراکز اور دواخانوں میں بستروں سے متعلق تفصیلات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں عوام میں اعتماد بحال کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ ضلع واری سطح پر بھی کنٹرول روم قائم کئے جائیں تاکہ عوام کی رہنمائی کی جاسکے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت عوام کو آکسیجن اور ادویات کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ کور کمیٹی کے ارکان نے اجلاس میں کئی تجاویز پیش کیں۔