کورونا مریضوں سے من مانی رقم وصول کرنے والے دواخانوں کو بخشا نہیں جائے گا : کے ٹی آر

   

ورنگل میں نیا ایرپورٹ ، ٹی آر ایس رام راجیہ کے حق میں ، وائرس کے مریضوں کے اعداد و شمار میں گھپلے کی تردید : وزیر آئی ٹی کا ہیاش ٹیاگ
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کسی بھی خانگی دواخانہ کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کے لئے من مانی رقومات وصول کرنے کے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کرے گی ۔ ورنگل میں نئے ائیر پورٹ کی تعمیر اور اس کے لئے اقدامات کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی تمام طبقات کیلئے ’رام راجیہ ‘ کے حق میں ملک کے دستور کے تحفظ کیلئے اپنے عہد کی پابند ہے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج ٹوئیٹر پر #AskKTR ہیاش ٹیگ کے ذریعہ عوام کے سوالات کا راست جواب دیا اور ان سے کئے گئے سوالات اور ترقیاتی کامو ںمیں ہونے والی تاخیر پر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو متوجہ کروایا۔ انہوں نے ریاست میں کورونا وائرس کے حقیقی اعداد و شمار کو چھپانے اور گھٹا کر پیش کئے جا نے کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے فی الحال یومیہ 21 ہزار معائنے انجام دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جلد ہی ریاست میں 1200 مراکز کے ذریعہ یومیہ 40ہزار معائنوں کی انجام دہی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے خانگی دواخانوں کی جانب سے من مانی رقومات کی وصولی کے خلاف کی جانے والی کاروائی اور مخصوص دواخانوں کو نشانہ بنانے کے بعد اختیار کی جانے والی خاموشی کے متعلق کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ریاستی حکومت کسی بھی دواخانہ کی جانب سے اضافی رقومات وصول کئے جانے پر سخت کاروائی کا انتباہ دیا۔ انہو ںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری دواخانوں میں موجود سہولتوں سے استفادہ کریں اور اس کے علاوہ سرکاری دواخانو ںمیں خدمات انجام دینے والے عملہ کی حوصلہ افزائی کو یقینی بنائیں ۔ ریاستی وزیر نے ورنگل میں نئے ائیر پورٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی اس مسئلہ پر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے رام مندر کی تعمیر میں حکومت تلنگانہ اور راشٹر سمیتی کی جانب سے تعاون کے متعلق کئے جانے والے سوال کا مدبرانہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اور ان کی پارٹی ہر طبقہ کیلئے ’ رام راجیہ ‘ کے حق میں ہے اور وہ دستور کے تحفظ کے لئے ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔انہو ںنے درگم چیرو تالاب پر تعمیر کئے گئے نئے برج کے افتتاح کے سلسلہ میں کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتہ میں اس برج کا افتتاح انجام دیا جائے گا۔