کورونا مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے گھر گھر سروے

   

ایک دن میں 40 ہزار مکانات کا احاطہ، بخار اور دیگر علامات پر کٹس کی تقسیم
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کیلئے حکام نے گھر گھر پہنچ کر بخار سے متعلق مریضوں کے سروے کا آغاز کیا ہے ۔ کورونا پر قابو پانے کے مقصد سے جی ایچ ایم سی اور میڈیکل اینڈ ہیلت کی جانب سے 641 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر پہنچ کر عوام کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں ۔ خاص طور پر کسی کو بخار یا کورونا سے متعلق کسی علامت کی موجودگی کا پتہ چلاتے ہوئے ایسے مریضوں کو میڈیکل کٹ حوالے کیا جارہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے 6 مختلف زونس میں ایک دن میں 40,000 سے زائد مکانات کا سروے کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے جلد سے جلد ہر گھر کا سروے مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس سروے میں آشا ورکرس ، اے این ایم کے علاوہ بلدیہ اور محکمہ صحت کے ملازمین کو شامل کیا گیا ہے ۔ ہر گھر پہنچ کر تمام مکینوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور تھرمل اسکیانرس کے ذریعہ بخار کا پتہ چلایا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 40,000 مکانات میں 1487 افراد بخار سے متاثر پائے گئے ۔ ان میں سے 1400 مریضوں کو بخار کی شدت کے باعث کورونا میڈیکل کٹ حوالے کیا گیا ۔ حکام نے بتایا کہ بخار والے مریضوں کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جائے گی اور گھر والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ علاج کے ساتھ ساتھ گھر میں صحت و صفائی کا خیال رکھیں اور جراثم کش ادویات کا چھڑکاؤ کریں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 393 خصوصی ٹیمیں اس سروے میں شامل ہیں اور آنے والے دنوں میں یہ تعداد بڑھ کر 641 ہوجائے گی ۔ تمام سرکاری دواخانوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18600 افراد کے ٹسٹ کئے گئے ہیں تاکہ کورونا سے متعلق علامات کا پتہ چلایا جاسکے ۔ حکومت سرکاری دواخانوں کے علاوہ خانگی لیابس اور ڈیاگناسٹک سنٹرس میں کورونا ٹسٹوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہی ہے۔