علاج اوردیگر تفصیلات عوام کو پیش کی جائیں، جہدکاروںکی درخواست کی سماعت
حیدرآباد: آندھراپردیش ہائی کورٹ نے کورونا کے علاج کے سلسلہ میں حکومت کو اہم ہدایت جاری کی ہیں۔ کورونا مریضوں کو علاج کی سہولتوں کے بارے میں سماجی جہد کار سریش اور آندھراپردیش سیول لبرٹیز اسوسی ایشن کی جانب سے داخل کی گئی درخواستوں کی ہائی کورٹ میں سماعت کی گئی ۔ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ دواخانوں میں مریضوں کو دی جانے والی علاج کی سہولتوں ، فیس کی وصولی اور دیگر امور کی نگرانی کے لئے حکومت کی جانب سے فلائینگ اسکواڈ تشکیل دیا جائے ۔ دواخانہ میں مریضوں کی تعداد خالی بستروں اور دیگر تفصیلات ہر دواخانے کی نوٹس بورڈ پر فراہم کی جائیں ۔ حکومت کو ہدایت دی گئی کہ کورونا کے علاج کے لئے درکار ادویات خاص طور پر ریمڈسیور انجکشن اور دیگر تفصیلات کے سلسلہ میں روزانہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے۔ حکومت کو ہدایت دی گئی کہ آکسیجن کی قلت دور کرنے کیلئے تمام ضروری قدم اٹھائے جائیں۔ حکومت آکسیجن کی سربراہی کا روزانہ اعلیٰ سطح اجلاس میں جائزہ لیں ۔ عدالت نے آئسولیشن مراکز کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پیش کی ۔ عدالت نے کہا کہ ہر دواخانہ میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کوئی بھی کورونا مریض علاج کے بغیر واپس نہ ہو۔