۔60 خصوصی کوچیس کیلئے تلنگانہ حکومت کی درخواست
حیدرآباد ۔12۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پھر ایک مرتبہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مشتبہ کورونا کے مریضوں کے لئے آئیسولیشن وارڈس کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ حکومت نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے درخواست کی ہے کہ سکندرآباد ، کاچی گوڑہ اور عادل آباد میں آئیسولیشن کوچیس کیلئے 60 کوچ کا اہتمام کریں۔ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد 4000 سے تجاوز کرچکی ہے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے تاحال 480 نان اے سی کوچیس کو آئیسولیشن وارڈس میں تبدیل کردیا ہے۔ مریضوںکی سہولت کیلئے درمیانی برتھ اور سیڑھی کو نکال دیا جاتا ہے اور ہر کیبن میں دو مریضوں کی گنجائش ہوتی ہے۔ آئیسولیشن کوچیس کے لئے درکار سہولتوں کے اعتبار سے واش بیسن اور واش روم تیار کئے جاتے ہیں۔ ہر کوچ میں 13 مریضوں کی گنجائش فراہم کی جارہی ہے ۔ ریاستوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد آئیسولیشن کی سہولتوں میں کمی کے پیش نظر ریلوے کوچیس کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے تازہ ترین درخواست میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے سکندرآباد ، کاچی گوڑہ اور عادل آباد میں 60 کوچیس تیار رکھنے کی خواہش کی ہے۔ دہلی حکومت نے بھی اس طرح کے کوچیس آئیسولیشن کیلئے حاصل کئے ہیں۔