نئی دہلی، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کووڈ۔ 19 کے سبب سب سے زیادہ اموات کی شرح نے گجرات ماڈل کی پول کھولی ہے ۔مسٹر گاندھی نے منگل کے روز ٹوئٹ کرکے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کی حکومت والے گجرات اور کانگریس اور اتحادی پارٹیوں کی حکومت والی چھ ریاستوں میں کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کے اعداد و شمار پیشس کرتے ہوئے کہا کہ ان سات ریاستوں میں سب سے زیادہ اموات گجرات میں ہوئی ہیں۔
جس سے مسٹر مودی کے گجرات ماڈل کی اہلیت ثابت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا ‘‘کووڈ۔ 19 کی شرح اموات ۔ گجرات 6.25 فیصد، مہاراشٹر 3.73 فیصد، راجستھان 2.32 فیصد، پنجاب 2.17 فیصد، پڈوچیری 1.98 فیصد، جھارکھنڈ 0.5 فیصد، چھتیس گڑھ 0.35 فیصد۔ گجرات ماڈل کی قلعی کھل گئی ہے ’’۔