کورونا وائرس :امریکہ کو ایمگریشن عارضی طور پر معطل

,

   

بڑھتی بیروزگاری فیصلہ کی بڑی وجہ ۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں تاریخی گراوٹ پر سعودیہ درآمدات پر پابندی زیرغور: ٹرمپ

واشنگٹن 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کوویڈ ۔ 19 وباء کے جواب میں اور امریکی جابس کے تحفظ کی خاطر ایکزیکٹیو آرڈر کے ذریعہ امریکہ میں تمام نوعیت کے ایمگریشن کو عارضی طور پر معطل کررہے ہیں۔ اِس اقدام کا ریپبلکن صدر نے ٹوئٹر پر اعلان کیا۔ یہ عملاً طویل میعادی ٹرمپ پالیسی کے تحت مقصد ہے کہ ایمگریشن پر تحدید عائد کرتے ہوئے صحت اور معاشی بحران کو ٹھیک کیا جائے جو عالمی وباء کے نتیجہ میں ملک بھر کو لپیٹ میں لے چکا ہے۔ اِس فیصلہ پر بعض ڈیموکریٹس نے فوری تنقید و مذمت کا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اُن کا الزام ہے کہ صدر توجہ ہٹانے کے کام کررہے ہیں جبکہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے میں سستی برت رہی ہے اور اُس کی حکمت عملی خامیوں بھری ثابت ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے کہاکہ وہ اِس کارروائی کے ذریعہ امریکی افرادی قوت تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔ لاکھوں امریکی بیروزگاری سے دوچار ہیں کیوں کہ کمپنیوں نے وباء کو روکنے کے لئے جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان ملازمین کی تخفیف کردی ہے۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہاکہ نظر نہ آنے والے دشمن کے حملے کی روشنی میں اور عظیم امریکی شہریوں کے جابس کے تحفظ کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اُنھوں نے امریکہ میں ایمگریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کا فیصلہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اِس فیصلہ، اس کے وقت اور اس کی قانونی بنیاد کے تعلق سے واجبیت پر مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔ سابق ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار اینی کلوبوکر نے ٹوئٹ کیاکہ ہمارا ملک عالمی وباء سے لڑرہا ہے اور ورکرس اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔ اِن حالات میں صدر تارکین وطن پر حملہ کررہے ہیں

اور اپنی خود کی ناکامیوں کے لئے دیگر کو مورد الزام ٹھہرارہے ہیں۔ ویسے بھی دنیا بھر میں وائرس کے پھیلاؤ کے مدنظر امریکہ میں ایمگریشن بڑی حد تک رُکا ہوا ہے کیوں کہ سرحدوں پر تحدیدات ہیں اور فلائٹس پر امتناع عائد ہے لیکن یہ مسئلہ ٹرمپ کے حامیوں کے لئے بدستور بڑی دلچسپی کا موضوع رہا ہے۔ اِس دوران امریکہ میں تیل کی قیمتوں میں تاریخی گراوٹ آئی جس کے پیش نظر ٹرمپ سعودی تیل برآمدات پر روک لگانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ اُنھوں نے تیل کی قیمتوں میں حیران کن گراوٹ کو مختصر میعادی مالی جھٹکہ قرار دیا اور کہاکہ اُن کا نظم و نسق اِن کمتر قیمتوں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے قوم کے کلیدی پٹرولیم ذخائر سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرے گا۔ امریکہ میں خام تیل کی قیمتوں پر جیسے ہی غیرمعمولی گراوٹ درج ہوئی، چند گھنٹوں میں ہی صدر ٹرمپ نے کہاکہ اُن کا نظم و نسق امریکہ کے لئے سعودی عرب کی طرف سے تیل کی کھیپوں کو روکنے کی تجویز پر غور کرے گا تاکہ خود امریکی آئیل انڈسٹری کو تقویت دی جاسکے۔