کورونا وائرس سے نمٹنے سعودی عرب میں بھی کرفیو

   

21دنوں تک نفاذ ، اشیاء ضروریہ کی دوکانات ‘میڈیکل اسٹورز، کلینکس، ہاسپٹلس کو استثنیٰ

ریاض۔23مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت سعودی عرب نے آج سے ملک بھر میں کرفیو کے نفاذ کا حکم جاری کردیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے گزشتہ روز ایک شاہی فرمان جاری کیا جس میں پیر 23 مارچ کی شام سے ملک بھر میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا۔شاہی فرمان کے مطابق کرفیو 21 دن روزانہ 11 گھنٹے کی اساس پر نافذ کیا گیا ہے جس پر عمل 23 مارچ کی شام 7 بجے سے شروع ہوگا جو صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔سعودی فرماں روا کی جانب سے کرفیو کا اعلان وزارت صحت کی طرف سے کورونا کے مریضوں کے 500 سے تجاوز کرنے کی اطلاع دینے کے بعد کیا گیا۔سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے ایک بیان میں کہاکہ نہ صرف سعودی عرب اور ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب مشکل حالات ہیں۔ جہاں تک سعودی عرب کا معاملہ ہے انڈین ایمبیسی نے ہمیشہ ہندوستانی برادری کی حتی المقدور رہنمائی کی ہے ۔ چنانچہ اس مرتبہ بھی ایمبیسی نے 24×7 ایمرجنسی ہیلپ لائین +966546103992 قائم کی ہے جس سے ہندوستانی شہری حسب ضرورت استفادہ کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارت اُمور خارجہ نے کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے جس سے 1800118797 (ٹول فری ) پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ شاہی فرمان میں کرفیو کے دوران شہریوں کو اپنی حفاظت کیلئے گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ کرفیو کے نفاذ کے سلسلے میں سعودی وزارت داخلہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سیول اور ملٹری حکام کو مکمل تعاون کا حکم دیا گیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے سرکاری ملازمین اور اہم شعبوں سے وابستہ افراد کو کرفیو سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جب کہ بیکریز، سوپر مارکیٹس، گوشت، سبزی اور لیبارٹریز بھی کھلی رہیں گی۔اس کے علاوہ میڈیکل اسٹورز، کلینکس، اسپتال اور دوا ساز کمپنیاں بھی کرفیو سے مستثنیٰ ہوں گی۔