بس اور ریلوے اسٹیشنوں پر خصوصی مہم کی ہدایت : مرکزی وزیر صحت
حیدرآباد۔12نومبر(سیاست نیوز) ملک بھر میں جاری کورونا وائرس ٹیکہ اندازی مہم کے زبردست نتائج حاصل ہونے کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کو مزید آسان بنانے کے لئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ملک کی تمام ریاستوں کو روانہ کردہ مکتوب میں ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں پر کورونا وائرس ٹیکہ دینے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ مرکزی وزیر صحت مسٹر منسکھ مانڈویا نے بتایا کہ ملک کے تمام شہریوں کو ٹیکہ اندازی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام ریاستوں کو روانہ کردہ مکتوب میں چیف سیکریٹریز کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں موجود ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹیشن پر کورونا وائرس کے ٹیکوں کے مراکز قائم کریں اور اس کے علاوہ کورونا وائرس کے ٹیکوں کے متعلق عوام میں منفی نظریہ کو دور کرنے کیلئے شعور بیداری مہم چلائیں۔ عوام میں ٹیکہ اندازی کے متعلق موجود خدشات کو دور کرنے کیلئے عوامی مقامات پر پروگرامس منعقد کرنے کے علاوہ پارکس‘ ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹیشنوں کے علاوہ دیگر مقامات پر ٹیکہ اندازی کے مراکز کے قیام کے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے ۔ مرکزی وزیر صحت کے مکتوب کے بعد اب ریاست تلنگانہ میں بستی دواخانوں اور اربن پرائمری ہیلت مراکز کے ساتھ موبائیل ٹیکہ اندازی ویان کے علاوہ عوامی مقامات پر ٹیکہ اندازی کے اقداما ت کئے جائیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ملک بھر میں 79 فیصد بالغ آبادی کو کورونا وائرس کا پہلا ٹیکہ دیا جاچکا ہے جبکہ 38فیصد آبادی نے دونوں ٹیکہ حاصل کرلئے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس ٹیکہ اندازی مہم کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہونے لگے ہیں اور توقع ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشن پر کورونا وائرس ٹیکہ اندازی کے مراکز کے قیام کی صورت میں ٹیکہ اندازی کی رفتار مزید تیز ہوسکتی ہے۔ مرکزی وزیر صحت مسٹر منسکھ مانڈویانے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں ہر فرد کی ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے کے اقدامات کے تحت عوامی مقامات پر ٹیکہ اندازی کے مراکز کے قیام کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت ابتداء میں ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں پر ٹیکہ اندازی کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔م