کورونا وائرس پر دہلی میں آج کل جماعتی اجلاس

   

نئی دہلی ۔ /14 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی زیرصدارت پیر /15 جون کو کل جماعتی اجلاس منعقد ہوگا جس میں قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی سنگین صورتحال اور اس سے نمٹنے کے انتظامات کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس میں دہلی کے علاوہ اترپردیش اور ہریانہ کے بعض حصوں میں بھی کورونا وائرس کی صورتحال پر غور و خوص کیا جائے گا ۔ دہلی کے نارتھ بلاک میں دن میں 11 بجے اجلاس منعقد ہوگا ۔ اجلاس کیلئے جن سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں دہلی کی برسراقتدار عام آدمی پارٹی ، کانگریس ، بی جے پی ، مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی اور اکھلیش یادو کی سماج وادی پارٹی شامل ہیں ۔ اجلاس میں مہاراشٹرا ، دہلی اور ٹاملناڈو ریاستوں سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل آوری کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ ان 3 ریاستوں میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے ۔ کورونا وباء کے پیش نظر پڑوسی اترپردیش اورہریانہ میں دہلی سے متصل اپنی سرحدوں کو بند کردیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قومی دارالحکومت سے لوگوں کی آمد و رفت کی وجہ سے ان کی ریاستوں میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے ۔ جمعہ کو اترپردیش نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ وہ سفری پابندیاں برقرار رکھے گا کیونکہ قومی دارالحکومت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے ۔