کورونا وائرس کے دومعائینے مثبت، توثیق کیلئے پونے کی لیباریٹری سے رجوع،آج رپورٹ کی وصولی

,

   

آئی ٹی راہداری کی ایک عمارت میں مشتبہ مریض کی موجودگی پر سنسنی و بھگدڑ، عمارت بند، ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت،ٹرانسپورٹ بسوں اور میٹرو ٹرین میں صفائی

کسی بھی نئے کیس کی توثیق نہیں ہوئی
تلنگانہ میں سخت ترین احتیاطی تدابیر، شعور بیداری مہم
گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج سافٹ ویر انجینئر کی حالت بہتر

حیدرآباد۔/4 مارچ، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے چہارشنبہ کو کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کا کوئی تازہ کیس نہیں پایا گیا صرف گزشتہ روز کئے گئے 47 معائنوں میں ایک کی توثیق ہوسکی دیگر دو افراد کے طبی نمونے پونے میں واقع لبیاریٹری کو بغرض توثیق روانہ کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ان دونوں افراد کی رپورٹ کل موصول ہوں گی۔ تاحال ریاست میں صرف ایک ہی فرد کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا اور کوئی تازہ کیس منظر عام پر نہیں آیا۔ دو مشتبہ طبی نمونے پونے بھیجے جانے کے بعد ریاست میں پہلے سے جاری احتیاطی تدابیر میں مزید اضافہ کردیا گیا۔ سائبر آباد میں واقع وائرس کے اندیشوں سے متاثرہ آئی ٹی راہداری پر ایک کامپلکس ہے جہاں متعدد سافٹ ویر کمپنیاں ہیں، صحت و صفائی کے انتظامات اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کیلئے بند کردیا گیا جب وہاں کام کرنے والا ایک شخص مشتبہ طور پر اس وباء سے متاثر پایا گیا۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی گزشتہ روز توثیق ہوئی تھی جب ایک 24 سالہ سافٹ ویر انجینئر دوبئی سے واپسی کے بعد بنگلور سے یہاں پہنچا تھا۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے چہارشنبہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ دو افراد کے نمونے پونے کی لیباریٹری روانہ کئے گئے ہیں۔ یہ دونوں ان 47 افراد میں شامل ہیں

جن کے طبی نمونموں کی منگل کو شہر کے سرکاری گاندھی ہاسپٹل میں جانچ کی گئی تھی۔ وزیر صحت کے مطابق 45 نمونے منفی پائے گئے۔دو افراد جن میں ایک بیرونی باشندہ اٹلی سے آیا تھا اور دوسرا شخص جو اس کے قریب ہی بیٹھا تھا اس وائرس سے مشتبہ طور پر متاثر پائے گئے ان کے طبی نمونے مثبت آئے۔ ایک پولیس عہدیدار کے مطابق آئی ٹی راہداری میں واقع کامپلکس کی 21عمارتوں کے منجملہ صرف ایک عمارت کو صحت و صفائی کی غرض سے بند کیا گیا اور وہ بھی پوری طرح بند نہیں کی گئی تھی۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ’’ احتیاطی تدابیر کے طور پر اس عمارت میں کام کرنے والے متعلقہ افراد کو گھر جاکر اپنے گھروں سے کام جاری رکھنے کیلئے کہا گیا ہے۔‘‘ ریاستی محکمہ صحت کی طرف سے کورونا وائرس کے بارے میں جاری کردہ ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 36 نمونوں کا انتظار ہے تاہم اسی روز مزید چند نمونے بھیجے گئے جس کے ساتھ ہی یہ تعداد 47 تک پہنچ گئی۔ وائرس سے متاثرہ سافٹ ویر انجینئر کی حالت مستحکم ہے جس کا گاندھی ہاسپٹل کے ایک وارڈ میں سب سے الگ تھلگ رکھ کر علاج کیا جارہا ہے۔ حکومت تلنگانہ اُن 88 کے منجملہ 86 افراد کا پتہ چلاتے ہوئے معائنے کرچکی ہے جو اس سافٹ ویر انجینئر کے ساتھ بنگلور سے ایک خانگی بس میں حیدرآباد پہنچے تھے۔ علاوہ ازیں چند دیگر افراد بھی ان میں شامل ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے عوامی ٹرانسپورٹ میں صفائی کو فروغ دینے کی مہم شروع کی ہے ۔ علاوہ ازیں عوام میں شعور بیداری مہم بھی چلاتے ہوئے بچنے کے طریقے بتائے جارہے ہیں۔