سری نگر: معروف فزیشن اسپیشلسٹ ڈاکٹر سلیم بٹ کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین محفوظ ہے اور لوگوں کو یہ ویکسین لگوانے میں کوئی ڈر محسوس نہیں کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بھی کئی مرحلوں سے گذر کر تیار کیا گیا ہے لہذا اس کے لگوانے میں کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کووڈ سے زیادہ گھبرانے والے اور اس کے متعلق غیر سینجدہ رہنے والے دونوں غلط ہیں بلکہ ہمیں اس کے تئیں ایک درمیانی طریقہ روا رکھنا چاہئے ۔ ڈاکٹر نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے خصوصی ہفتہ وار پروگرام ‘سکون’ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘کووڈ باقی تمام امراض پر چھا گیا اس کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کرکے ان پر عمل پیرا ہونے سے اس وبا سے بہ آسانی نجات حاصل کی جاسکتی ہے ‘۔ڈاکٹر سلیم بٹ نے کہا کہ اس وبا سے زیادہ گھبرانے والے اور اس کو بالکل خاطر میں نہ لانے والے دونوں غلط ہیں۔انہوں نے کہا: ‘کچھ لوگ کووڈ کو خاطر میں ہی نہیں لاتے ہیں اور کچھ لوگ اس سے زیادہ گھبراتے ہیں یہ دونوں غلط ہیں بلکہ ہمیں درمیانی راستہ اختیار کرکے اس کا مقابلہ کرنا چاہئے جس میں گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنا سب سے اہم ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین بہت ہی محفوظ ہے اس کو لگوانے میں دیر نہیں کرنی چاہئے ۔