کورونا ویکسین کی ہندوستان میں تیاری ملک کیلئے قابل فخر

   


ریسرچ ڈیولپمنٹ میں غیر معمولی ترقی، گورنر سوندرا راجن کا چینائی یونیورسٹی سے خطاب
حیدرآباد: گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ کورونا ویکسین کی منظوری ملک کیلئے باعث فخر ہے۔ عالمی تنظیم صحت نے کورونا ویکسین کی تیاری کے سلسلہ میں ہندوستان کی مساعی کی ستائش کی ہے اور یہ ہندوستانی سائنسدانوں کی اہلیت اور قابلیت کا ثبوت ہے۔ گورنر آج سری رام چندرا میڈیکل کالج چینائی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ ریاپڈ ریویو کورس کا آن لائین افتتاح کر رہی تھیں۔ 7 روزہ یہ کورس میڈیکل کالج چینائی کی جانب سے شروع کیا گیا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے ہندوستان میں ویکسین کی کامیابی کے ساتھ تیاری کے نتیجہ میں ملک میں ریسرچ اور ڈیولپمنٹ سے متعلق تنقیدوں کا جواب دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت اور ریسرچ کرنے والے اداروں کی مدد کے نتیجہ میں یہ ممکن ہوسکا۔ مرکزی حکومت نے سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کی جس کے نتیجہ میں ہندوستان میں موثر ویکسین تیار کی جاسکی۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ کئی ترقی پذیر ممالک ویکسین کی سربراہی کے سلسلہ میں ہندوستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ہندوستان ان ممالک کا تعاون کرسکتا ہے۔ پیتھالوجی کے شعبہ میں رام چندرا میڈیکل کالج کے ریاپڈ ریویو کورس کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ امراض کا پتہ چلانے اور صحیح علاج میں مدد کیلئے پیتھالوجی کا شعبہ مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیتھالوجی رپورٹ کے بغیر علاج کیلئے جانا ایسا ہی ہے جیسے ہتھیار کے بغیر جنگ کیلئے جانا۔ علاج کے عمل میں پیتھالوجی رپورٹ اہم ادا کرتی ہے۔ انہوں نے میڈیکل پروفیشنلس پر زور دیا کہ وہ اس شعبہ میں مزید تحقیق کرتے ہوئے نئی ایجادات کو یقینی بنائے۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جے اے جیہ لال ، وائس چانسل رام چندرا انسٹی ٹیوٹ آف ہائیر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ڈاکٹر پی وی وجئے راگھون ، پروفیسر ایس سندرم کے علاوہ ملک بھر سے 700 مندوبین نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔