کورونا پازیٹیو کیسوں میں حیدرآباد اور اضلاع میں اچانک اضافہ

,

   

حکومت کیلئے تشویش کا باعث ، عیدالفطر کے بعد لاک ڈاؤن نرمی پر نظرِ ثانی کا بھی امکان
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے میں تحدیدات میں نرمی کے بعد کورونا کیسس میں اچانک اضافہ اور اموات نے حکومت کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔ کے سی آر حکومت ریاست میں کورونا کی صورتحال کو قابو میں ہونے کا دعویٰ کرتی رہی اور چوتھے مرحلے میں اچانک اس نے حیدرآباد کو ریڈ زون سے گرین میں تبدیل کردیا۔ سوائے چند کنٹینمنٹ علاقوں کے جہاں کورونا پازیٹیو کیسس تھے وہاں ناکہ بندی کی گئی جبکہ دیگر علاقوں سمیت ساری ریاست کو گرین زون میں تبدیل کر دیا گیا۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں تحدیدات میں نرمی کے بعد جیسے ہی تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوا کورونا پازیٹیو کیسس میں اضافہ ہوچکا ہے۔ اتنا ہی نہیں حیدرآباد میں کورونا سے اموات کی تعداد بھی تیزی سے بڑھنے لگی ہے۔ مقامی افراد میں کیسس کے علاوہ مائیگرنٹ لیبرس میں کورونا کی علامتیں حیدرآباد کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ چوتھا مرحلہ مائیگرنٹ لیبرس کے ذریعہ کورونا کے پھیلاؤ کا رہے گا اور حقیقی تعداد میں ٹسٹ کئے گئے تو پازیٹیو کیس میں بھاری اضافہ ہوگا۔گزشتہ چند دنوں سے روزانہ اوسطاً 50 تا60 کورونا کیس منظر عام پر آرہے ہیں اور ریاست میں اموات بڑھ کر 48 ہوگئیں جبکہ پازیٹیو کیسس کی تعداد 1761 ہوگئی۔ 15 مئی کو تلنگانہ میں کورونا اموات کی تعداد 34 تھی اور پازیٹیو کیسس 1454 تھے لیکن ایک ہفتہ میں 14 اموات ہوئی ہیں۔ اسی دوران وزیر صحت ای راجندر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علامات کی صورت میں فوری ٹسٹ کروائیں۔

عوام کو رضاکارانہ ٹسٹ کی اپیل کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ تاخیر کی صورت میں زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ مائیگرنٹ ورکرس میں کورونا پازیٹیو کیسس سے حکومت نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ یادادری بھونگیر، جنگاؤں، منچریال، جگتیال، بھوپال پلی، سوریا پیٹ اور نظام آباد سے مائیگرنٹ ورکرس میں پازیٹیو کیس کی اطلاعات ہیں ۔ ریاست کے تقریباً تمام اضلاع کورونا سے پاک قرار دیئے گئے تھے لیکن مائیگرنٹ لیبرس کے ذریعہ پھر اضلاع میں کورونا کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ بھوپال پلی ضلع میں ممبئی سے آئے خاندان میں کورونا پازیٹیو کی علامات پائی گئیں جسکے بعد علاقہ میں سنسنی دوڑ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ممبئی سے 14 مئی کو واپس آنے والے 75 سالہ شخص میں کورونا علامتیں پائی گئیں۔ ممبئی میں 45 دن کے قیام کے بعد یہ جوڑا واپس ہوا تھا۔ نواب پیٹ کے اس جوڑے کو ہاوز کورنٹائن میں رکھا گیا تھا تاہم بعد میں ٹسٹ پر پازیٹیو نتیجہ آیا ہے۔ سوریا پیٹ کے کوداڑ منڈل میں کورونا کیسس سے عوام میں دہشت ہے۔ ایک پولیس عہدیدار میں کورونا کی علامات کے بعد ان سے ملنے والے دو افراد اور 20 گاؤں والوں کو کورنٹائن کردیا گیا۔ حکومت شہر و اضلاع میں کورونا کیسس میں اضافہ پر نظر رکھے ہوئے ہے اور توقع ہے کہ عیدالفطر کے بعد چیف منسٹر صورتحال کا جائزہ لیں گے اور لاک ڈاؤن تحدیدات پر از سر نو غور کیا جائے گا۔

تلنگانہ : کورونا کے 52 نئے کیس
حیدرآباد 23 مئی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں کورونا کے 52 نئے کیس ہفتے کو سامنے آئے ہیں۔ ان میں 33 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے بتایا گیا ہے جبکہ 19 مائیگرنٹ ورکرس بتائے گئے ہیں۔ حکومت کے ہیلت بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج 25 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ۔