عوام بھی حکومت سے تعاون کریں۔ دو کروڑ شہریوں کے معائنہ کے اقدامات جاری ۔ تیسری لہر سے نمٹنے حکومت تیار : وزیر صحت کا دعوی
حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت سے 2کروڑشہریوں کے کورونا معائنوں کے انتظامات کئے جا رہے ہیں اور معائنہ کٹس کے حصول کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے پوری طرح سے تیار ہے اور محکمہ صحت سے بنیادی سطح پر کورونا علاج اور قرنطینہ کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ تیسری لہر سے نمٹنے میں تلنگانہ ملک بھر کی ریاستوں کیلئے مثال ہوگی۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے آج محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کرکتے انہیں ہدایات جاری کی اور کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق بستی دواخانوں‘ پرائمری ہیلت سنٹرس کے علاوہ گھروں پر بھی کورونا علاج کیلئے کٹس کی فراہمی اور معائنہ کے انتظامات کئے جائیں۔ ہریش راؤ نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹل میں کورونا علاج سے گریز کریں کیونکہ سرکاری دواخانو ںمیں بہتر علاج کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں کے بلس کی ادائیگی کیلئے قرض لینے کی بجائے سرکاری دواخانوں میں علاج کروائیں ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ حکومت محکمہ صحت کے عہدیداروں اور دیگر محکمہ جات سے تعاون سے تیسری لہر پر قابو پانے اور عوام کو بہتر علاج فراہم کرنے اقدامات کررہی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ وہ 15تا 18 سال کی عمر کے بچوں کو ٹیکوں کو تیز کرنے کے ساتھ دونوں ٹیکہ حاصل کرنے والوں کے صد فیصد نشانہ کو مکمل کرنے پر توجہ دیں ۔ انہو ںنے 10 جنوری سے 60 سال سے زائدعمر کے علاوہ کورونا واریرس کیلئے ٹیکہ اندازی کے انتظامات کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ کورونا سے محفوظ رہنے عوام کو ٹیکہ اندازی کیلئے آمادہ کرنے اور حفاظتی تدابیر سے واقف کروایا جانا ضروری ہے۔ ہریش راؤ نے ریاست کے سرکاری دواخانوں اور پرائمری ہیلت سنٹرس کے علاوہ دیگر مراکز میں علاج کی سہولتوں کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کی اور کہا کہ ضلع واری اساس پر عہدیداروں کو نشانہ تفویض کرکے نشانہ کی تکمیل کی جائیگی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے اضلاع میں معائنوں کی تعداد میں اضافہ کریں اور فیور سروے کی تفصیلات کے اندراج کو یقینی بنائیں اور ملک بھر میں تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے اقدامات کو مثال بنانے پر توجہ دیں۔ وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی اور کہا کہ وہ سرکاری ڈاکٹرس کی خدمات اور دواخانوں پر اعتماد کریں ۔ انہو ںنے بتایا کہ سرکاری دواخانوں کی حالت اور دواخانو ںمیں موجود ڈاکٹرس کی خدمات کے علاوہ علاج و معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کئی اقدامات کی ہدایات دی گئی ہیں۔ جن اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہاہے ان میں قرنطینہ کی سہولتوں کے ساتھ علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور بخار‘ سردی ‘ نزلہ اور دیگر علامات پر ادویات کی کٹس کی تقسیم کی جائے گی۔ وزیر صحت نے چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس کی ہدایات پر عمل کے سلسلہ میں تفصیلات دریافت کی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا صرف حکومت یا محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ہر شہری کو کے پھیلاؤ کوروکنے کوشش کرنی چاہئے ۔ اگر ہر شہری ماسک کے استعمال کے ساتھ سماجی فاصلہ کی برقراری پر توجہ دیتا ہے تو کورونا مریضوں کی تعداد پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ معمولی علامتوں کی صورت میں بھی معائنہ کے بعد قرنطینہ اختیار کرنے پر توجہ دیں کیونکہ اگر وہ قرنطینہ اختیار کرتے ہیں تو دیگر شہریوں کو متاثر ہونے سے بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ صحت مند شہری جو کورونا کا شکار نہیں ہیں وہ اپنے ماسک کا استعمال کرکے خود کو اور افراد خاندان کو کورونا سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔م