۔23 لاکھ سے زیادہ متاثرین ۔ امریکہ ‘ اٹلی ‘ اسپین ‘ فرانس ‘ جرمنی اور ایران میں تباہ کاریوں کا سلسلہ ہنوز جاری
بیجنگ / جنیوا 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی وبا کورونا وائرس ‘ کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اب تک دنیا کے زیادہ تر ممالک میں اس وبا سے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 23 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں ۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا سے مجموعی 23 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,60,000 کے پار ہو گئی ہے ۔ دنیا بھر میں اب تک دیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں ۔ ہندوستان میں کورونا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 14792 افراد متاثرہ ہوئے ہیں اور 488 افراد ہلاک ہوئے ہیں اب تک 2015 افراد بالکل صحت یاب بھی ہو چکے ہیں ۔ سی ایس ایس ای کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میںکورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور وہاں سب سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں ۔ امریکہ میں یہ وبا خوفناک شکل اختیار چکی ہے ۔ یہاں پر اب تک سات لاکھ سے زیادہ افراد اس سے متاثرہ ہوئے ہیں جبکہ 38,800 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ امریکہ میں اس بیماری سے اب تک 64 ہزار افراد صحتیا ب ہوئے ہیں ۔امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثر یورپی ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 23,300 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اب تک 1,76,000 لوگ اس سے متاثرہ ہوئے ہیں ۔ اس وبا کے مرکز چین میں اب تک 82,700 افراد اس سے متاثرہ ہوئے ہیں اور4632 اموات ہوئی ہیں ۔اسپین اس انفیکشن سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہے ۔ یہاں اب تک 1,91,000 افراد اس کی گرفت میں آ چکے ہیں اور 20043 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ اس درمیان کورونا وائرس سے یورپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی حالات کافی خراب ہوئے ہیں ۔ فرانس میں اب تک 147113 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 18681 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے 141397 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4352 افراد ہلاک ہو ئے ۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں، جہاں 114217 افراد اس سے متاثرہ ہوئے اور اب تک 15464 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ کورونا سے شدید متاثر عرب ممالک ایران میں 80868 افراد اس سے متاثرہ ہوئے ہیں جبکہ 5031 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ بیلجیم میں 5453، ہالینڈ میں 3601، برازیل میں 2141، ترکی میں 1769، سویڈن میں 1511، کینیڈا میں 1309، سوئٹزرلینڈ میں 1111، پرتگال میں 687، میکسیکو میں 546، انڈونیشیا میں 535، آئر لینڈ میں 530، آسٹریا میں 443، ایکواڈور میں 421، رومانیہ میں 417، فلپائن میں 397، الجیریا میں 384، پولینڈ میں 339، ڈنمارک میں 336 اور جنوبی کوریا میں 232 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔