کورونا کو شدیدمتاثرہ 10 ریاستوں میں شکست دینا ضروری

,

   

وزیراعظم مودی کی چیف منسٹر س کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ، شرح اموات میں کمی کرنے پر زور

نئی دہلی :وزیراعظم نریندر مودی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاستوں میں شامل بہار، گجرات، اترپردیش، مغربی بنگال اور تلنگانہ میں سیمپل کا ٹسٹ بڑھانے پر زور دیتے ہوئے اس وبا سے لڑنے کے لیے کورونا متاثر شخص کے رابطہ میں آنے والے افراد پر زور دیتے ہوئے ان افراد کی جلد از جلد ٹسٹنگ کرانے پر زور دیا ہے ۔وزیراعظم نے کورونا وبا کے سب سے زیادہ شکار 10 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ آج موجودہ صورتحال کا جائزہ اور مستقبل کی پالیسی پر گفتگو کی۔ کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ نے ریاست کی نمائندگی کی۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہوئے اجلاس میں وزیردفاع راجناتھ سنگھ، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن اور وزیر مملکت برائے داخلہ نے حصہ لیا۔ میٹنگ میں وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے ریاستوں کی زمینی صورتحال سے وزیراعظم کو واقف کروایا۔ انہوں نے وبا کے کامیاب انتظام کے لئے وزیر اعظم کی قیادت کی تعریف کی اور مسلسل رہنمائی اور مدد کرنے کے لئے اظہارتشکرکیا۔ انہوں نے ٹسٹ کی تعداد بڑھانے کیلئے کئے گئے اقدامات ٹیلی۔میڈیسن کے استعمال اور صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے میں بہتری کی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا۔ وزرائے اعلیٰ نے سیرو۔سروے کروانے کے لئے مرکزی وزارت صحت سے مزید رہنمائی کی درخواست کی۔ اجلاس میں موجود وزیر دفاع نے زور دیکر کہا کہ حکومت وائرس کے خلاف لڑائی میں ہرممکن کوشش کر رہی ہے جس کی عالمی ادارہ صحت نے بھی تعریف کی ہے ۔ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے سکریٹری نے ملک میں کووِڈ۔19کے کیسز کی تفصیلات پیش کیں ۔ کچھ ریاستوں میں وائرس کے کیسز میں اضافہ کی شرح اوسط کی شرح سے زیادہ ہونے پر ریاستوں سے ٹسٹ کی استعداد کے زیادہ استعمال پر توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے شرح اموات کے اعداد و شمار کی درست رپورٹنگ کی ضرورت پر اور مقامی کمیونٹیز کی مدد سے نگرانی پر بھی زور دیا۔

اس اجلاس کو اس اعتبار سے اہمیت حاصل ہوگئی کیونکہ ملک کے 80 فیصد کورونا فعال کیسیس 10 ریاستوں میں ہی ہیں۔ ان ریاستوں میں 6 لاکھ سے زیادہ فعال کیسیس ہے لہٰذا ان ریاستوں کو ایک دوسرے سے مشاورت کرنے اور اپنے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر ان 10 ریاستوں میں کورونا کو شکست دی گئی تو پورا ملک اس وبا پر قابو پائے گا۔ ماہرین کے حوالہ سے وزیراعظم نے بتایا کہ اگر 72 گھنٹوں کے اندر انفیکشن کی جانچ کی جاتی ہے تو اس کا علاج آسان ہوجائے گا۔ وزیراعظم نے وباء پر قابو پانے کیلئے دہلی کے ماڈل کا حوالہ دیا اور کہا کہ کنٹینمنٹ زونس پر توجہ دی جائے، صدفیصد اسکریننگ، آئسولیشن، متاثرین کی جانچ اور علاج بہت ضروری ہے۔ کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد وزیراعظم کی چیف منسٹرس کے ساتھ یہ ساتویں ویڈیو کانفرنس ہے۔ وزیراعظم نے وباء پر قابو پانے کیلئے ریاستوں کو 10 نکات پیش کئے ۔ انہوں نے ان ریاستوں کے حکام سے مسلسل رابطہ میں رہنے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ہاسپٹلس اور ہیلت ورکرس پر ہر دن دباؤ اور نیا چیلنج درپیش ہے ۔ ملک میں یومیہ تقریباً 7 لاکھ ٹسٹ کئے جارہے ہیں جبکہ شرح اموات 2 فیصد سے کم ہوگئی ہے ۔